کسی بھی ہسپتال

نواز شریف ملک کے کسی بھی ہسپتال سے بہترین طبی علاج کرا سکتے ہیں ، ندیم افضل چن

اسلام آباد: وزیراعظم کے ترجمان ندیم افضل چن نے کہا ہے کہ نواز شریف ملک کے کسی بھی ہسپتال سے بہترین طبی علاج کرا سکتے ہیں۔ جمعرات کو ایک نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کابینہ کے اجلاس میں وزیراعظم عمران خان نے حکومت پنجاب کو واضح ہدایات جاری کیں کہ سابق وزیراعظم محمد نواز شریف کو علاج معالجے کی بہترین سہولیات فراہم کی جائیں اور اس سلسلے میں کسی قسم کی غفلت کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے اللہ تعالیٰ سے نواز شریف کی جلد صحت یابی کی دعا کی اور کہا کہ محمد نواز شریف نے ملک میں 30 سال تک حکمرانی کی اور اب وہ اپنے دور حکومت میں بنائے جانے والے کسی بھی ہسپتال سے اپنا علاج کرا سکتے ہیں۔ ترجمان وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اگر نواز شریف اپنا علاج لندن سے کرانا چاہتے ہیں تو ملک سے باہر جانے کی اجازت طلب کرنے کے لیے انہیں عدالت میں درخواست دائر کرنی چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ یہ حقیقت ہے کہ انہیں انکی خواہش کے مطابق پہلے ہی بہترین طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں، اس معاملے پر کسی کو بھی پوائنٹ سکورنگ کے لیے سیاست نہیں کرنی چاہیئے۔ ندیم افضل چن کا کہنا تھا کہ شریف برادران کو پرویز مشرف کے دور حکومت کے دوران گرفتار کیا گیا لیکن ایک جمہوری حکومت کی حیثیت سے پاکستان تحریک انصاف پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی کا ارادہ رکھتی ہے۔ انہوں نے تمام سیاسی جماعتوں پر زور دیا کہ وہ سیاسی فوائد کے لیے دوسروں پر ذاتی حملے کرنے سے باز رہیں۔