میاں محمود الرشید

صوبائی وزیر میاں محمود الرشید کاسوشل سکیورٹی ہسپتال ملتان روڈکادورہ

لاہور:وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی ہدایات پر وزیر ہاؤسنگ و اربن ڈویلپمنٹ میاں محمود الرشید نے سوشل سیکورٹی ہسپتال ملتان روڈکا اچانک دورہ کیا اور وہاں مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات ، صفائی اور عملے کی حاضری کی صورتحال کا جائزہ لیا۔وہ ایمرجنسی ، لیبارٹری، چلڈرن وارڈ، ریڈیالوجی اور سی ٹی سکین ڈیپارٹمنٹ گئے اور وہاں موجود مریضوں سے ہسپتال میں دستیاب سہولیات کے متعلق استفسار کیا۔میاں محمود الرشید نے مناسب طبی سہولیات کی فراہمی پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے کہا کہ یہ بات خوش آئند ہے کہ ہسپتال کی تمام مشینیں درست حالت میں کام کر رہی ہیں اور سوشل سیکورٹی کے صنعتی کارکنان کو تمام تر طبی سہولیات بلا معاوضہ فراہم کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے ہستپال کی لیبارٹری میں مریضوں کو ٹیسٹوں کی سٹیٹ آف دی آرٹ سہولیات کی فراہمی پر بھی اظہار اطمینان کیا۔ڈپٹی میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر کمال حفیظ نے وزیر ہاؤسنگ کو ہسپتال کے مختلف شعبوں میں دستیاب طبی سہولیات سے متعلق تفصیلات فراہم کیں۔