پاکستان میں ٹیلی کام کمپنیاں صارفین کو مہنگا ڈیٹا پیکیج فروخت کرنے لگیں

کراچی : پاکستان میں موبائل براڈ بینڈ سہولت فراہم کرنے والی ٹیلی کام کمپنیاں صارفین کو دنیا کے 32ملکوں سے مہنگے داموں ڈیٹا پیکیج فروخت کررہی ہیں۔صارفین کیلیے تحقیق کرنے والے برطانوی ادارے Cable کی حالیہ تحقیق کے مطابق پاکستان میں ڈیٹا پیکجز کے نرخ خطے کے دیگر ملکوں کے مقابلے میں بھی زیادہ ہیں

۔تحقیق کے دوران 230ممالک کے 6313ڈیٹا پلان کا جائزہ لیا گیا پاکستان کے 58ڈیٹا پلان زیر غور لائے گئے، تحقیق کے نتائج سے ثابت ہوا کہ پاکستان دنیا میں ڈیٹا پیکیج کی قیمت کے لحاظ سے 33واں سرفہرست ملک ہے جہاں موبائل کمپنیاں ایک گیگا بائٹ ڈیٹا کی اوسط قیمت 1.85ڈالر وصول کررہی ہیں۔تحقیق میں شامل 230ملکوں میں ایک گیگا بائٹ کی اوسط قیمت 8.53ڈالر بنتی ہے تاہم بھارت دنیا میں سب سے سستا ڈیٹا فروخت کرنیو الی مارکیٹ ہے جہاں فی گیگا

بائٹ قیمت 0.26ڈالر وصول کی جارہی ہے، دنیا میں سب سے مہنگا ڈیٹا زمبابوے میں فروخت کیا جارہا ہے جس کی قیمت 75ڈالر فی گیگا بائٹ ہے۔بھارت کے علاوہ بنگلہ دیش، افغانستان، ایران، سری لنکا، میانمار، افریقی ممالک روانڈا اور سوڈان میں بھی پاکستان سے کم قیمت پر موبائل براڈ بینڈ سروس فراہم کی جارہی ہے.

پاکستان میں سستے سے سستا ڈیٹا پیکیج 0.29ڈالر فی گیگا بائٹ پر فروخت کیا جارہا ہے جبکہ مہنگے ترین ڈیٹا پیکیج کی قیمت 7.15ڈالر فی گیگا بائٹ تک وصول کی جارہی ہے۔بھارت میں سستا ترین ڈیٹا پیکج 0.02ڈالر جبکہ مہنگا ترین ڈیٹا پیکج 1.40ڈالر فی گیگا بائٹ قیمت پر فروخت کیا جارہا ہے،سستے ڈیٹا پیکجز کے حامل سرفہرست ملکوں میں بھارت کے بعد کرغیزستان، قزاقستان، یوکرین اور روانڈا شامل ہیں۔پاکستان ٹیلی کام اتھارٹی کے اعدادوشمار کے مطابق پاکستان میں ٹیلی کام خدمات سے حاصل ہونے والی آمدن کی مالیت 2017-18میں 448ارب 75کروڑ روپے ریکارڈ کی گئی جس میں سیلولر کمپنیوں نے 382ارب 41کروڑ روپے کا ریونیو حاصل کیا، گزشتہ پندرہ سال کے دوران ٹیلی کام سیکٹر کے ریونیو میں 318فیصد اضافہ ہوا اسی عرصے کے دوران سیلولر کمپنیوں کے ریونیو میں 1273فیصد اضافہ ہوا ہے۔