سانحہ ساہیوال:اہلخانہ کا جے آئی ٹی میں شمولیت سے انکار

لاہور: سانحہ ساہیوال میں ایک اور اہم پیش رفت۔ خلیل کے خاندان نے جے آئی ٹی کی تفتیش میں شامل نہ ہونے کا فیصلہ کر لیا۔ خلیل کے بھائی جلیل کہتے ہیں، حکومت کی جانب سے بنائی جانے والی جے آئی ٹی پر اعتماد نہیں ہے، جے آئی ٹی سانحہ ساہیوال کے کیس کو خراب کر رہی ہے۔ خلیل کے لواحقین اور ذیشان کی والدہ آج قائمہ کمیٹی کے ممبران سے ملنے کیلئے اسلام آباد گئے تھے، اور وہاں بھی انہوں نے جے آئی ٹی کے بارے میں اپنے تحفظات کا اظہار کیا۔ لواحقین کا لاہور نیوز سے گفتگو کے دوران کہنا تھا کہ انہیں جے آئی ٹی کی تحقیقات پر بھروسہ نہیں ہے اس لئے وہ اس کا حصہ نہیں بنیں گے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ جے آئی ٹی کے افسران رات کو 2 بجے ان کے گھر آتے ہیں اور طلبی کے حکم نامے پر دستخط کرواتے ہیں اور انہیں یہ حکم دے کر چلے جاتے ہیں کہ آپ عینی شاہدین کو لے کر جائے وقوعہ پر پہنچ جائیں۔ لواحقین کا مزید یہ کہنا ہے کہ جے آئی ٹی نے اب تک جو اہلکار گرفتار کیے ہیں انہیں ابھی تک نامزد بھی نہیں کیا بلکہ انہیں ایک علاقہ مجسٹریٹ کے سامنے پیش کر کے جیل بھجوا دیا ہے، جبکہ یہ کیس تو دہشت گردی کی عدالت میں چلنا تھا۔