اسلام آباد: مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی کے وفاقی وزیر نورالحق قادری نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے حج کی خواہش رکھنے والوں کیلئے کئے جانے والے اقدامات قابل تعریف ہیں ۔
اتوار کو پی ٹی وی کے پروگرام میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں بہت خوش ہوں کیونکہ اس سال دو لاکھ پاکستانی حج کی سعادت حاصل کرینگے ۔ حکومت کی کوششوں سے سعودی عرب نے حج 2019ءکیلئے پاکستان کے کوٹے میں پانچ ہزار کا اضافہ کیا ہے ۔ انہوں حج کی خواہش رکھنے والوں کو ہدایت کی کہ وہ میڈیا کی معلوماتی مہم سے استفادہ کریں کیونکہ یہ ورکشاپ اور معلوماتی مہمیں انہیں حج کی ادائیگی کے درست طریقے سے روشناس کرنے کے ساتھ ساتھ کھانے پینے ، رہائش سمیت آمد و رفت کے بارے میں بھی معلومات فراہم کرینگی۔ انہوں ایک سوال کے جواب میں کہا کہ عازمین حج کیلئے معلومات کی فراہمی کی مہم تمام صوبوں سمیت ملک بھر میں منعقد کی جائیگی اور اس حوالے سے وزارت مذہبی امور تمام تر ممکنہ اقدامات کر رہی ہے تاکہ وزیر اعظم کی ہدایات کے مطابق عازمین حج کیلئے بہترین سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے ۔
سفیر نے مزید کہا کہ وزیر اعظم عمران خان پوری قوم سے احترام کے مستحق ہیں کیونکہ وہ دنیا بھر میں پاکستان کے مثبت تشخص کو اجاگر کرنے کیلئے پوری محنت سے کام کر رہے ہیں۔