دریائے یانگسی ڈیلٹا

چینی صدر کی جا نب سے دریائے یانگسی ڈیلٹا کی مربوط ترقی کیلئے مخصوص ہدا یات

بیجنگ (لاہورنامہ) چین کے صدر شی جن پھنگ نے دریائے یانگسی ڈیلٹا کی مربوط ترقی کو گہرا کرنے سے متعلق ایک سمپوزیم کی صدارت کی ہے ۔

جمعہ کے روز چینی نشریاتی ادارے کے مطابق دریائے یانگسی ڈیلٹا چین میں دریائے یانگسی کے زیریں علاقوں میں واقع ہے، جس کی سرحدیں بحیرہ زرد اور مشرقی بحیرہ چین سے ملتی ہیں۔ یہ علاقہ جس میں شنگھائی اور صوبہ جیانگ سو، زے جیانگ اور آن ہوئی شامل ہیں ، چین کے ان علاقوں میں سے ایک ہے جو سب سے زیادہ معاشی سرگرمیوں ،اعلی معیار کے کھلے پن اور جدت طرازی کی مضبوط ترین صلاحیت کےحامل ہیں۔

اس علاقے کی معاشی پیداوار کا چین کی مجموعی معیشت میں تقریباً ایک چوتھائی حصہ ہے اور یہاں ملک کی براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کا 39فیصد موجود ہے۔ نومبر 2018 میں ، شی جن پھنگ نے پہلی چائنا انٹرنیشنل امپورٹ ایکسپو میں اعلان کیا تھا کہ دریا ئے یانگسی ڈیلٹا کی مربوط ترقی کو قومی حکمت عملی میں اپ گریڈ کیا جائےگا۔ بعد ازاں چین کی طرف سے جاری کردہ دریائے یانگسی ڈیلٹا کی مربوط ترقی کی منصوبہ بندی کے خاکے کے مطابق ، یہ علاقہ ملک بھر میں مربوط علاقائی ترقی کے لیے ایک ماڈل فراہم کرتا ہے۔

سمپوزیم میں شی جن پھنگ نے گزشتہ پانچ سالوں میں حاصل کردہ کامیابیوں کی توثیق کی اور نشاندہی کی کہ دریائے یانگسی ڈیلٹا کی مربوط ترقی میں اب بھی متعدد مسائل موجود ہیں جن کو مزید حل کرنے کی ضرورت ہے۔ شی جن پھنگ نے دریائے یانگسی ڈیلٹا کی مربوط ترقی کو فروغ دینے کے لیے مخصوص راستوں کی نشاندہی کی ، جس میں سائنسی اور تکنیکی جدت طرازی کو مضبوط بنانا ، مربوط ترقی کے نظام اور میکانزم کو بہتر بنانا ، اعلی سطحی کوآرڈینیشن اورکھلے پن کو فروغ دینا ، ماحولیات کے مشترکہ تحفظ اور حکمرانی کو مضبوط بنانا اور محفوظ ترقی کی صلاحیت کو بہتر بنانا شامل ہیں۔

شی جن پھنگ نے اس بات پر زور دیا کہ ادارہ جاتی کھلے پن پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے اعلی معیار کے کھلےپن کو فروغ دیاجائے، شنگھائی میں بین الاقوامی معیشت، مالیات، تجارت، شپنگ اور سائنسی اور تکنیکی جدت طرازی کے "پانچ مراکز” کی تعمیر میں تیزی لائی جائے ۔

ان کا کہنا تھا کہ آزمائشی فری ٹریڈ زون کو اپ گریڈ کرنے کی حکمت عملی پر سختی سے عمل درآمد کرنا اور دریائے یانگسی ڈیلٹا کی مربوط ترقی اور بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو کی اعلی معیار کی ترقی کو مزید ہم آہنگ بنانا ضروری ہے۔ ہمیں نجی معیشت کی مثبت اور اعلی معیار کی ترقی کی حوصلہ افزائی، حمایت اور رہنمائی کرنی چاہیے اور نجی کاروباری اداروں کے ترقیاتی ماحول کو مزید بہتر بنانا ہوگا.

شی جن پھنگ اندرون و بیرون ملک مختلف مواقع پر بارہا اس بات پر زور دے چکے ہیں کہ چین کے کھلے پن کو وسعت دینے کے عزم میں کوئی تبدیلی نہیں آئے گی اور چین کی ترقی دنیا کے لیے ایک موقع ثابت ہوگی۔