اکنامک زونز

پنجاب میں اکنامک زونز میں10سال تک انکم ٹیکس کی چھوٹ،مشینری درآمد پر زیرو ڈیوٹی خوش آئند ہے‘میاں خرم الیاس

لاہور:چیئرمین لاہور ٹاﺅن شپ انڈسٹریز ایسوسی ایشن میاں خرم الیاس نے پنجاب میں قائم نئے اکنامک زونز میں دس سال تک انکم ٹیکس میں چھوٹ اورصوبہ میں انڈسٹریز کے قیام کے لیے مشینری کی درآمدپر زیرو ڈیوٹی کے فیصلہ کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب میں نئے سپیشل اکنامک زون میں نئی انڈسٹریز کے قیام سے صنعتی شعبہ ترقی کرے گا اور ان انڈسٹریز زون میں صنعتی شعبہ کو مراعات کی فراہمی سے پنجاب میں غیر ملکی سرمایہ کاری میں بھی اضافہ ہوگا ۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے سینئر وائس چیئرمین حافظ عمران حمید، وائس چیئرمین مہوش احمد کے ساتھ ٹاﺅن شپ انڈسٹریز کے صنعتکاروں کے مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ میاں خرم الیاس نے کہا کہ پنجاب حکومت کی دور رس نتائج کی حامل صنعتی پالیسی سے صوبے میں صنعتی انقلاب برپا ہوگا نئی صنعتی پالیسی کے تحت انڈسٹریل گروتھ کے مقرر کردہ ہدف کو پورا کیا جائے گاانہوںنے کہا کہ نئے اکنامک زونز سے پانچ سالوں میں لاکھوں افراد کو روزگار کی فراہمی سے بے روزگاری کا خاتمہ ہوگا نیز پنجاب میں ہنر مند افراد کو تیار کرنے کے لئے نئی پنجاب سکلڈ اتھارٹی صوبہ میں سالانہ پانچ لاکھ افراد کو ہنر مندبنانے کے اقدامات کرے گی۔پنجاب کی نئی انڈسٹریل پالیسی کے تحت انڈسٹریز ڈیپارٹمنٹ سوا چار لاکھ سالانہ روزگار کے مواقع پیدا کرے گا اور ملک بھر میں ایک کروڑ روزگار کے ہدف میں سے پنجاب پانچ سالوں میں ساٹھ لاکھ روزگار کے مواقع پیدا کرے گا ۔نئی صنعتی پالیسی کے تحت پڑھے لکھے نوجوانوں کے لئے قرض سکیم کی منظور سے نوجوانوں کو آئیڈیاز کی منظوری کے بعد تیس لاکھ تک قرض ملنے سے پڑھے لکھے نوجوانوں کو صنعتی شعبہ میں خدمات کا موقع فراہم ہوگا اور صنعتی شعبہ کی ترقی سے خوشحال پنجاب کا خواب شرمندہ تعبیر ہوگا۔