لاہور( لاہورنامہ)وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی نے رات گئے پی آئی سی اورسروسز ہسپتال کا دورہ کیا اور 3گھنٹے تک پی آئی سی کی نئی ایمرجنسی اور سروسز ہسپتال کے اپ گریڈیشن کے کاموں کا معائنہ کیا۔
وزیر اعلی محسن نقوی نے نئی ایمرجنسی میں مریضوں کی خیریت دریافت کی اور علاج معالجے کی سہولتوں کے بارے پوچھا۔ وزیر اعلی محسن نقوی نے مریضوں سے مفت ادویات اور مفت ٹیسٹ کی سہولت کے بارے دریافت کیا۔مریضوں نے علاج معالجے اور مفت ادویات و ٹیسٹ کی سہولتوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔
وزیر اعلی محسن نقوی نے پی آئی سی کی نئی ایمرجنسی میں ٹائلز کی صفائی نہ ہونے پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کمشنر لاہور کو ٹائلز کی مستقل صفائی کرانے کے لئے انتظامات کی ہدایت کی اور کہا کہ نئی ایمرجنسی کی مینٹی ننس پر خصوصی توجہ دی جائے۔
وزیر اعلی محسن نقوی نے سروسز ہسپتال میں اپ گریڈیشن کے کاموں کا تفصیلی جائزہ لیا اور31 جنوری سے قبل گرانڈ فلور کی اپ گریڈیشن مکمل کرنے کی ڈیڈ لائن دی۔ وزیر اعلی محسن نقوی نے تعمیراتی سرگرمیوں کے دوران فرش پر لگائی ٹائلز کی حفاظت یقینی بنانے کی ہدایت کی۔
وزیر اعلی محسن نقوی نے ہسپتال میں جاری تعمیراتی کاموں پر پیشرفت کا جائزہ لیا اورسروسز ہسپتال کی عمارت کے فرنٹ کا بھی معائنہ کیا اور معیاری کام جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ سیکرٹری تعمیرات و مواصلات نے اپ گریڈیشن پراجیکٹ پر ہونے والی پیشرفت بارے بریفنگ دی۔ انسپکٹر جنرل پولیس ڈاکٹر عثمان انور، کمشنر لاہورڈویژن، سیکرٹری وزیر اعلی کوآرڈینیشن، ایم ایس ہسپتال اورمتعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔