اسلام آباد:پارلیمانی سیکرٹری منصوبہ بندی و اصلاحات کنول شوذب نے کہا ہے کے12 ویں پانچ سالہ منصوبہ میں خواتین کو بااختیار بنانے، سماجی سطح پر ان کے کردار میں اضافہ اور صنفی مساوات پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔
اپنے ایک بیان میں کنول شوذب نے کہا ہے کہ صرف وہی قومیں ترقی کرتی ہیں جو خواتین کے کردار کو تسلیم کرکے ان کے لئے مساوی مواقع مہیا کرتی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پاکستانی خواتین کو کئی قسم کے مسائل درپیش ہیں جن میں تعلیم کے کم مواقع، صحت کی ناکافی سہولیات، بچپن کی شادیاں، وراثت کے مسائل، کم اجرت، کام کی جگہ پر ہراسگی سمیت گھریلو تشدد شامل ہے ۔ پارلیمانی سیکرٹری نے کہا کہ ہر خاتون کو معاشرہ میںایک سے زیادہ کردار ادا کرنا ہوتے ہیں اس لئے وہ ملک کی ترقی میں اہم کردار کی حامل ہے۔
انہوں نے قومی ترقی میں اضافہ کے لئے خواتین کی حوصلہ افزائی کی ضرورت پر زور دیا ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت خواتین کی صلاحیتوں سے استفادہ اور قومی معیشت کی ترقی میں ان کے کردار کے فروغ کے لئے 12 ویں پانچ سالہ منصوبہ میں خواتین کو زیادہ سے زیادہ بااختیار بنانے اور سماجی سطح پر ساز گار ماحول کی فراہمی اور صنفی مساوات وغیرہ پر خصوصی توجہ دے گی۔