خرید و فروخت

توانائی کی مارکیٹ کو بجلی کی خرید و فروخت کے لئے اوپن کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد : حکومت نے سستی،قابل انحصار اور ملکی ذرائع سے بجلی پیدا کرنے اور توانائی کی مارکیٹ کو بجلی کی خرید و فروخت کے لئے اوپن کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

وزارت پاور ڈویڑن کے ذرائع کے مطابق سستی بجلی کی پیداوار بڑھانے کے لئے انرجی مکس میں تبدیلی کی جا رہی ہے فرنس آئل سے پیدا ہونے والی مہنگی بجلی کی بجائے پانی، ہوا اور شمسی توانائی کے منصوبوں کے ذریعے بجلی کی پیداوار بڑھانے کی طرف توجہ دی جا رہی ہے۔ اس سلسلہ میں توانائی کی مارکیٹ اوپن کرنے سے اس شعبے میں صارفین کو بہتر اور سستی توانائی کی فراہمی میں مدد ملے گی، اسی مقصد کے لئے انرجی مکس میں قابل تجدید توانائی کی پیداوار میں 2025ءتک 20 فیصد اور 2030ءتک 30 فیصد اضافہ کیا جائے گا اس وقت انرجی مارکیٹ میں سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی بجلی کی واحد خریدارہے، توانائی کی مارکیٹ کو بجلی کی خرید و فروخت کے لئے اوپن کرنے سے توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری اورجامع اصلاحات کو آگے بڑھایا جا سکے گا۔