اسلام آباد : پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے گھانا کے سفارتکار محمد کرانڈی نے کہا ہے کہ پاکستان وسائل اور صلاحیتوںسے مالا مال ملک ہے جس میں سرعت سے معاشی ترقی کے لوازمات موجود ہیں اور یہ دوست ملک جلد ایک عالمی اقتصادی قوت بن کر ابھرے گا۔
کئی ممالک نے پاکستان کی مشاورت سے ترقی کی منازل طے کی ہیں ۔ 1969ءمیں پاکستان برامدات تھائی لینڈ، ملیشیاءاور انڈونیشیا کی مجموعی برامدات سے زیادہ تھیں اور اب پاکستان دوبارہ ٹیک آف کر رہا ہے۔ افریقی ممالک پاکستان پر نظر رکھے ہوئے ہیں اور سی پیک سمیت متعدد بڑے منصوبوں میں گہری دلچسپی لے رہے ہیں۔
ایران میں تعینات گھانا کے سفارتکارمحمد کرانڈی نے یہ بات پاکستان میں گھانا کے قونصل جنرل شاہد رشید بٹ جو اسلام آباد چیمبر آف سمال ٹریڈرز کے سرپرست بھی ہیں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان دنیا بھر کے سرمایہ کاروں کی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے۔پاکستان میں دنیا کی دوسری بڑی نمک کی کان، پانچویں بڑی سونے کی کان، پانچویں بڑے کوئلے کے ذخائر، ساتویں بڑے تانبے کے ذخائر موجود ہیں۔
مسلم ممالک میں ترکی کے بعد دوسری بڑی تکنیکی فورس پاکستان کی ہے، دھاگے کی 10 فیصد تجارت اور کپڑوں کی پیداوار میں چھٹے نمبر پر ہے ، دودھ کی پیداوار میں اسکا تیسرا نمبر ہے جبکہ گنے، کھجور،خوبانی،پیاز، دیگر اشیاءکی پیداوار میں یہ ٹاپ فائیو ممالک میں آتا ہے۔ پاکستان بڑی کنزیومر مارکیٹ ہے جہاں سرمایہ کاری کے نتیجہ میں نفع کی شرح کئی ممالک سے زیادہ ہے۔ پاکستان کے بارے میںمنفی پراپیگنڈے میں کوئی حقیقت نہیں۔