کرائسٹ چرچ: نیوزی لینڈ کی 2 مساجد میں فائرنگ سے 49 نمازی شہید اورمتعدد زخمی ہوگئے جب کہ دورہ پر موجود بنگلادیشی کرکٹ ٹیم بھی اس حملے میں بال بال بچ گئی۔خبر ایجنسی کے مطابق نیوزی لینڈ کے شہرکرائسٹ چرچ کی 2 مساجد النوراورلینوڈ میں فوجی وردی میں ملبوس 28 سالہ آسٹریلوی سفید فام برینٹن ٹیرنٹ کی فائرنگ سے 27 افراد جاں بحق اورمتعدد زخمی ہوگئے.
جب کہ وہاں دورہ پرموجود بنگلادیشی کرکٹ ٹیم بھی اس حملے میں بال بال بچ گئی۔ مسلح شخص کی جانب سے فائرنگ نماز جمعہ کے دوران کی گئی تاہم مزید چارافراد کو حملے میں ملوث ہونے کے شبے میں گرفتار کیا گیا ہے جن میں ایک خاتون بھی شامل ہے۔ جدید ہتھیاروں سے لیس حملہ آورنے اپنی ہولناک فائرنگ کی لائیو وڈیو ریکارڈنگ بھی کی۔نیوزی لینڈ پولیس نے شہریوں کو متاثرہ مسجد سے دوررہنے کی ہدایت کردی ہے، کرائسٹ چرچ کی دیگر مساجد خالی کرالیا گیا ہے جب کہ اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔ خبر ایجنسی کے مطابق شہر کے گرجا گھر اور اسکول بھی بند کردیئے گئے۔عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ فائرنگ نماز جمعہ کے 10 منٹ بعد شروع ہوئی جب کہ ایک شخص آٹو میٹک رائفل کے ساتھ مسجد میں داخل ہوا اور اندھا دھند فائرنگ شروع کردی۔