وزیرلائیوسٹاک

صوبائی وزیرلائیوسٹاک نے کلین اینڈگرین پاکستان ویژن کے تحت افسران کو مختلف ذمہ داریاں سونپ دیں

لاہور:وزیرلائیوسٹاک پنجاب سردارحسنین بہادردریشک نے وزیراعظم کے کلین اینڈ گرین پاکستان ویژن کے تحت محکمہ لائیوسٹاک پنجاب کے افسران کو مختلف ذمہ داریاں سونپ دیں۔یہ افسران صوبہ بھرمیں مجوزہ علاقوں میں قائم ویٹرنری انسٹیٹیوٹس، موبائل ویٹرنری ڈسپنسریوں اورسہولت مراکز کی صفائی اورعملہ کی کارکردگی کاجائزہ لیں گے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم پاکستان کے ویژن کے تحت محکمہ لائیوسٹاک اینڈڈیری ڈویلپمنٹ نے ہفتہ صفائی کی مہم کاآغاز کردیاہے۔ سردارحسنین بہادردریشک وزیرلائیوسٹاک پنجاب کی ہدایات پرسیکرٹری لائیوسٹاک احسن وحید نے محکمہ کے تمام سینئرافسران کی ذمہ داریوں کاشیڈول جاری کردیاہے۔ ڈائریکٹرجنرل (توسیع) جنوبی پنجاب کے اضلاع میں موجود دفاتر ، ویٹرنری ہسپتالوں، موبائل ویٹرنری ڈسپنسریوں، سہولت مراکزمیں صفائی ستھرائی اور ویکسی نیشن ، بریڈنگ سروسز اوردیگرجاری پیشہ ورانہ سرگرمیوں کاجائزہ لیں گے جبکہ ڈائریکٹرجنرل (ریسرچ) بہاولپورڈویژن میں فیلڈ میں قائم ویٹرنری انسٹیٹیوٹس،پولٹری فارموں، تشخیصی لیبارٹریز اور پولٹری لیبارٹریز کی صفائی ستھرائی اورکولڈ چین سپلائی سسٹم کی دستیاب سہولیات اورعملہ کی کارکردگی کاجائزہ لیں گے اسی طرح تمام ڈویژنل ڈائریکٹرز متعلقہ اضلاع میں قائم ویٹرنری انسٹیٹیوٹس اورموبائل ویٹرنری ڈسپنسریوں میں صفائی ،جاری پیشہ ورانہ سرگرمیوں ، ویکسی نیشن اور بریڈنگ سروسز کا جائزہ لیں گے۔

ڈائریکٹرپولٹری ریسرچ انسٹیٹیوٹ کو گوجر انوالہ ڈویژن میں موجود پولٹری فارمز ،تشخیصی و پولٹری لیبارٹریوں کی صفائی یقینی بنانے کی ہدایات دی گئیں ہیں اس کے ساتھ ساتھ وہ تجویز کردہ ایریامیں پرندوں کی امراض تنفس کی سرویلنس اورعملہ کی کارکردگی کا جائزہ لیں گے۔ڈائریکٹراینیمل ڈیزیزرپورٹنگ اینڈ سرویلنس کو سرگودھا ڈویژن کی ذمہ داریاں دی گئیں ہیں۔ڈائریکٹر لائیوسٹاک سروسز ٹریننگ سنٹرکو ہدایات جاری کی گئیں ہیں کہ وہ رکھ غلاماں ، اٹک میں لائیوسٹاک سروسز ٹریننگ سنٹرزاورفیلڈ میں قائم ویٹرنری انسٹیٹیوٹس میں صفائی ستھرائی کویقینی بنائیں ۔محکمہ لائیوسٹاک کے ڈائریکٹر پلاننگ اینڈ ایویلوایشن کولاہور ڈویژن میں ہفتہ صفائی کے سلسلے میں جاری سرگرمیوں کوجاری رکھنے کی ذمہ داری دی گئی ہے۔

ڈائریکٹر بریڈ امپرومنٹ پنجاب جہلم اور گوجرانوالہ کے اضلاع میں محکمہ کے دفاتراورمراکز کی صفائی ستھرائی کے ساتھ عوام کو دستیاب سہولیات اورعملے کی پیشہ ورانہ سرگرمیوں کاجائزہ لیں گے۔ تمام افسران کوہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنی انسکپیکشن رپورٹ متعلقہ ڈائریکٹرجنرل کی وساطت سے ڈپٹی سیکرٹری (ٹیکنیکل)کو 26مارچ2019تک بھیج دیں۔