پی ایس ایل 2019: گریم اسمتھ، میتھیو ہیڈن کمنٹری پینل کا حصہ بن گئے

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے چوتھے ایڈیشن کے لیے جنوبی افریقہ کے سابق کپتان گریم اسمتھ اور سابق آسٹریلوی بلے باز میتھیو ہیڈن کمنٹری پینل میں شامل ہوگئے۔

ماضی کے دونوں معروف کھلاڑی دنیا کے مشہور کمنٹیٹرز رمیز راجہ، ڈینی موریسن، مائیکل سلیٹر، بازد خان، ایلن وِلکِنز اور کیپلر ویسلز کے ہمراہ پینل میں شامل ہوں گے، جو اپنی کمنٹری سے شائقین کرکٹ کا لہو گرمائیں گے۔

— فوٹو: پی ایس ایل

جنوبی افریقہ کے لیجنڈ کھلاڑی گریم اسمتھ نے پی ایس ایل کے کمنٹری پینل کا حصہ بننے کے بعد اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ‘پاکستان کی کرکٹ ہمیشہ پرجوش ہوتی ہے اور مجھے یقین ہے کہ پی ایس ایل بھی اس سے مختلف نہیں ہوگی۔’

انہوں نے کہا کہ ‘پی ایس ایل، کرکٹ کا ایک معیاری ٹورنامنٹ ہے جسے میں گزشتہ تین سالوں سے دیکھ رہا ہوں۔’

گریم اسمتھ ذاتی مصروفیات کے باعث ایونٹ کے پہلے دو ہفتے کمنٹری باکس کا حصہ ہوں گے۔

آسٹریلیا کے سابق اوپنر اور جارح مزاج بلے باز کے طور پر پہچانے جانے وال میتھیو ہیڈن بھی ‘پی ایس ایل’ کے کمنٹری پینل میں شامل ہوئے ہیں۔

وہ ریٹائرمنٹ کے بعد بین الاقوامی اور لیگ کرکٹ کا تجربہ رکھتے ہیں، جو پی ایس ایل کے پہلے ہفتے کمنٹری باکس کا حصہ ہوں گے۔

— فوٹو: پی ایس ایل

میچ سے قبل اور بعد میں اپنی ماہرانہ رائے دینے کے لیے پاکستان کے سابق کپتان عامر سہیل کے ساتھ آسٹریلیا کے سابق فاسٹ باؤلر شون ٹیٹ اور سابق آسٹریلوی اسپنر بریڈ ہوج بھی پینل میں شامل ہوں گے۔

پریزنٹز کے پینل میں پاکستان کی زینب عباس اور فخر عالم کے ہمراہ آسٹریلیا کی ایرِن ہولینڈ بھی شامل ہوں گی۔