کورین کمپنی دنیا کا پہلا ایک ٹی بی اسٹوریج والا اسمارٹ فون

سام سنگ کے نئے فلیگ شپ فون گلیکسی ایس 10 کے بارے میں لیکس اور افواہیں کافی عرصے سے سامنے آرہی ہیں جن میں سے ایک دعویٰ یہ تھا کہ جنوبی کورین کمپنی دنیا کا پہلا ایک ٹی بی اسٹوریج والا اسمارٹ فون متعارف کرانے والی ہے۔

اب ایسا لگتا ہے کہ سام سنگ نے خود اس کی تصدیق کردی ہے۔

سام سنگ نے بدھ کو اعلان کیا کہ وہ ایک ٹی بی یونیورسل فلیش اسٹوریج (یو ایف ایس) 2.1 کی بڑے پیمانے پر پروڈکشن کے لیے تیار ہے اور یہ اعلان کافی اہمیت رکھتا ہے۔

عام طور پر اس طرح کے اعلانات کسی فلیگ شپ فون کی آمد سے قبل کمپنیاں کرتی ہیں۔

آسان الفاظ میں سام سنگ نے اشارہ دیا ہے کہ گلیکسی ایس 10 پلس دنیا کا پہلا ایک ٹی بی اسٹوریج والا فون ہوگا جس میں 12 جی بی ریم دیئے جانے کا بھی امکان ہے۔

تاہم خیال رہے کہ یہ بھی ہوسکتا ہے کہ گلیکسی ایس 10 پلس کی بجائے گلیکسی نوٹ 10 دنیا کا پہلا ایسا فون ہو۔

گزشتہ سال سام سنگ نے گلیکسی ایس نائن متعارف کرانے سے قبل اسمارٹ فونز کے لیے 512 جی بی یو ایف ایس اسٹوریج کا اعلان کیا تھا اور کئی ماہ بعد گلیکسی نوٹ 9 میں اتنی اسٹوریج دی گئی تھی۔

مگر اس سال ایس 10 پلس میں اتنی اسٹوریج دیئے جانے کا امکان زیادہ ہے کیونکہ یہ گلیکسی ایس سیریز کے 10 سال مکمل ہونے پر متعارف کرائے جانے والا فون ہے، جس کو یہ کمپنی یادگار بنانا چاہتی ہے، یعنی ڈیزائن سے لے کر اسٹوریج، کیمرے اور بیٹری تک، سب کچھ پہلے سے بہتر۔

اور لیکس میں یہ بات پہلے سامنے آچکی ہے کہ 12 جی بی ریم اور ایک ٹی بی اسٹوریج والاگلیکسی ایس 10 پلس کا ورژن محدود تعداد میں صارفین کے لیے دستیاب ہوگا۔

خیال رہے کہ 20 فروری کو گلیکسی ایس 10 سیریز کے فونز 4 سے 5 ورژن میں متعارف کرائے جاسکتے ہیں۔

ایس 10 کا 5.8 انچ کے فلیٹ اسکرین والا فون نسبتاً سستا ہوگا جس میں فلیگ شپ جیسے کچھ فیچرز تو ہوں گے مگر کیمرے اور دیگر بنیادی چیزوں میں یہ اتنا بہترین نہیں ہوگا۔

اس کے مقابلے میں ریگولر ایس 10 میں خم ڈسپلے، فرنٹ پر سنگل جبکہ بیک پر ڈوئل کیمرہ سیٹ اور فنگر پرنٹ سنسر اسکرین کے اندر دیئے جانے کا امکان ہے۔

اسی طرح ایس 10 پلس خم ڈسپلے، فرنٹ پر ڈوئل جبکہ بیک پر 3 کیمروں کے سیٹ سے لیس ہوسکتا ہے، جبکہ اس میں بھی فنگرپرنٹ سنسر اسکرین کے اندر دیئے جانے کا امکان ہے۔

5 جی ماڈل 6.7 انچ کی اسکرین اور 4 بیک کیمروں کے ساتھ ہوگا۔

یہ کمپنی اپنے اس فلیگ شپ فون میں ریورس وائرلیس چارجنگ کا فیچر بھی متعارف کرانے والی ہے جس کی مدد سے گلیکسی ایس 10 ماڈلز اپنی بیٹری لائف کو دیگر ڈیوائسز سے شیئر کرسکیں گے، بالکل ہیواوے کے میٹ 20 پرو کی طرح۔