رنویر سنگھ کی پولیس آفیسر کے ساتھ سلفیاں،سوشل میڈیا پر ہنگامہ

ممبئی:بالی ووڈ اداکار رنویر سنگھ نامناسب انداز میں تصویر بنوانے کے باعث سوشل میڈیا پرشدید تنقید کا شکار ہوگئے۔بالی ووڈ میں چلبلے پن اوررنگ برنگے ملبوسات کی وجہ سےشہرت رکھنے والےرنویرسنگھ اداکاری کی وجہ سے کم لیکن اپنے منفرد اندازکی وجہ سے اکثر خبروں کی زینت بنے رہتے ہیں لیکن اس بار انہیں منفرد پوز دینا اتنا مہنگا پڑا کہ سوشل میڈیا پر ان کی تعریفوں کے پل باندھنے والے ان ہی پر تنقید کرنے لگے۔بھارتی میڈیا کے مطابق گزشتہ روز ممبئی میں پولیس ڈپارٹمنٹ کی جانب سے امنگ 2019 کے نام سے ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں بالی ووڈ سے تعلق رکھنے والی کئی نامور شخصیات نے شرکت کرکے پولیس کے محکمہ کی حوصلہ افزائی اور ان کا وقار بلند کرنے کے لیے رائے کا اظہار کیا۔تقریب کے اختتام پر فلمی ستاروں نے پولیس آفیسر کے ساتھ تصاویر اور سیلفیاں بھی بنائیں لیکن رنویر سنگھ اپنے جذبات پر قابو نہ رکھ سکے اور منفرد انداز کو برقرار رکھتے ہوئے پولیس کے ہاتھوں خود کو اٹھا کر پوز دیا اور ان کے جوتے پولیس کی وردی پر آنے کی وجہ سے انہیں سوشل میڈیا پر خوب تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔