ریاست جمہوریت

ریاست جمہوریت کے نام پر کسی اور ایجنڈے پر کام کرنیوالوں سے بلیک میل نہیں ہوگی‘ شہریار آفریدی

کراچی: وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی کا کہنا ہے کہ ریاست جمہوریت کے نام پر کسی اور ایجنڈے پر کام کرنے والوں سے بلیک میل نہیں ہوگی‘ملک کے آئین پر سودے بازی نہیں ہوگی‘میرا پیغام ہے ملک کے اندر بیٹھ کر دشمن قوتوں کاساتھ دینے والے اور دشمن کی زبان بولنے والے قبلہ درست کرلیں‘سندھ رینجرز نے ہر میدان میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے‘ آج سندھ میں امن کی بحالی رینجرز کی قربانیوں کے ثمرات ہیں‘سرحدوں کی حفاظت اور کراچی میں دہشتگردی کےخلاف بھی رینجرز نے اہم کردار ادا کیا ‘آنے والا وقت پاکستان کا اور پاکستانیوں کا ہے۔کراچی میں رینجرز ہیڈ کوارٹر میں پاسنگ آﺅٹ پریڈ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر مملکت نے سندھ رینجرز کی خدمات کو قابلِ ستائش قرار دیا اور پاس آﺅٹ ہونے والوں، ان کے والدین اور اساتذہ کو مبارکباد پیش کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شہریار آفریدی نے کہا کہ سندھ رینجرز نے ہر میدان میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے‘ آج سندھ میں امن کی بحالی رینجرز کی قربانیوں کے ثمرات ہیں۔انہوں نے کہا کہ رینجرز نے 5 سال میں 16 ہزار آپریشن کیے اور 12 ہزار سے زائد دہشت گرد گرفتار کیے، سرحدوں کی حفاظت اور کراچی میں دہشت گردی کے خلاف بھی رینجرز نے اہم کردار ادا کیا ہے جس کے نتیجے میں کراچی کی روشنی اور امن بحال ہوچکا ہے۔شہریار آفریدی کا کہنا تھا کہ وہ تمام لوگ جو پاکستان میں عوام کے ترجمان بنے ہیں اور جمہوریت کے نام پر کسی کے ایجنڈے پر کام کر رہے ہیں ان کیلئے پیغام ہے کہ ریاست اب بلیک میل نہیں ہوگی اور نہ ہی ملک کے آئین پر سودے بازی ہوگی ۔وزیر مملکت برائے داخلہ نے کہا کہ اب کوئی بھی پاکستان کے باہر سے فون کال پر یہاں کے نظام کو مفلوج نہیں کرسکے گا کیونکہ ریاست اب کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی۔ان کا مزید کہنا تھا کہ میرا پیغام ہے ملک کے اندر بیٹھ کر دشمن قوتوں کاساتھ دینے والے اور دشمن کی زبان بولنے والے اپنا قبلہ درست کرلیں، اب کوئی باہر سے فیصلہ ڈکٹیٹ نہیں کراسکے گا کیونکہ آنے والا وقت پاکستان کا اور پاکستانیوں کا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں