آسٹریلین طرز

آسٹریلین طرز کا ڈومیسٹک کرکٹ ماڈل تیار، وزیر اعظم کی منظوری کے بعد نافذ العمل ہوگا

لاہور (این این آئی)وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر پاکستان کی ڈومیسٹک کرکٹ کے نظام کو تبدیل کرتے ہوئے آسٹریلین کرکٹ کی طرز کا مجوزہ ڈومیسٹک ماڈل تیار کرلیا،نیا ماڈل پاکستان کرکٹ بورڈ کے پیٹرن ان چیف وزیراعظم عمران خان کی ہدات پر بنایا گیا ہے جو ان کے دستخط کے بعد نافذ العمل ہوگا۔خیال رہے کہ 2 روز قبل چیئرمین پی سی بی نے چیف آپریٹنگ افسر (سی ای او) سبحان احمد اور ڈائریکٹر کرکٹ آپریشنز ہارون رشید سیمت بورڈ کے دیگر حکام کے ہمراہ وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی تھی۔

ملاقات کے دوران پی سی بی وفد نے وزیراعظم عمران خان کے حکم پر ڈومیسٹک کرکٹ میں اصلاحات سے متعلق ریجنز اور ڈیپارٹمنٹس کا مسودہ تیار کیا تھا۔اس مسودے کے مطابق ڈومیسٹک کرکٹ میں ٹیموں کی تعداد 8 رکھی گئی تھی تاہم عمران خان نے اس مسودے کو مسترد کردیا تھا۔وزیراعظم نے پی سی بی کو ہدایت کی تھی کہ وہ آسٹریلین کرکٹ کے طرز کا فرسٹ کلاس ماڈل تیار کریں جس میں صرف 6 ٹیمیں شامل ہوں۔تاہم ذرائع کے مطابق پی سی بی نے نئے ڈومیسٹک نظام کا مسودہ تیار کرلیا ہے جو وزیراعظم کی منظوری کے بعد نافذالعمل ہوجائے گا۔

قائدِ اعظم ٹرافی، نیشنل ون ڈے کپ اور نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ میں یہی 6 ٹیمیں مدِ مقابل ہوں گی۔نئے سسٹم کے تحت پاکستان کا فرسٹ کلاس سیزن 15 ستمبر سے 15 اپریل تک کھیلا جائے گا، جس کا آغاز ون ڈے کپ سے ہو گا۔ون ڈے کپ دو راونڈز پر مشتمل ہوگا جس کا آغاز 15 سمتبر جبکہ اختتام 5 اکتوبر کو ہوگا، جہاں ہر ٹیم 10، 10 میچز کھیلے گی۔