لندن روانہ

قائد حزب اختلاف شہباز شریف لندن روانہ،ایئرپورٹ پر لوگوں نے سیلفیاں بنائیں

لاہور ( این این آئی) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف و پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد شہباز شریف لندن روانہ ہوگئے،لاہور ایئرپورٹ پر روانگی کے موقع پر لوگوں نے شہباز شریف کے ساتھ سیلفیاں بھی بنائیں ۔

تفصیلات کے مطابق قائد حزب اختلاف شہبازشریف لاہور ایئرپورٹ سے نجی ائیرلائن کی پرواز کیو آر621 سے لندن روانہ ہوئے۔ شہباز شریف نے اپنا اوراپنی اہلیہ نصرت شہباز کا برطانیہ کا ملٹی پل ویزا حاصل کیا تھا جبکہ انہوں نے اپنی والدہ اور اپنے 4اسٹاف ممبرز کے ویزے بھی لگوا لئے تھے۔ذرائع کے مطابق شہبازشریف اپنے طبی معالج سے مشاورت اور معائنے کے لئے لندن گئے ہیں۔

وہ دورہ لندن کے دوران حمزہ شہباز کی اہلیہ اور اپنی پوتی کی خیریت دریافت کریں گے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے دورہ لندن کی تصدیق کرتے ہوئے شہبازشریف کا کہنا تھا کہ اللہ تعالی نے میرے چھوٹے بیٹے کو فرزند اور بڑے بیٹے کو شادی کے 20 سال بعد بیٹی کی نعمت سے نوازا ہے، نومولود بچی کا پیدائش کے ایک ہفتے بعد لندن میں دل کا بڑا آپریشن ہوا ہے، میں ان حالات میں لندن کا دورہ کرنے جا رہا ہوں تاکہ اپنی پوتی اور پوتے کو دیکھ سکوں اوراپنے طبی معائنہ کے بعد جلد وطن واپس لوٹ آﺅں گا۔