’پچھلی حکومت 2300 ارب کا خسارہ چھوڑ گئی ہے‘

وزیر مملکت برائے ریونیو حماد اظہر نے کہا ہے کہ پچھلی حکومت 2300 ارب کا خسارہ چھوڑ گئی ہے۔

لاہور میں آپٹما عہدیداروں سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں حماد اظہر نے کہا کہ ایسے اقدامات اٹھا رہے ہیں تاکہ مستقبل میں معاشی معاملات ٹھیک ہوجائیں۔

انہوں نے کہا کہ پاک افغان بارڈر پر اسمگلنگ روکنے کے لئے باڑ لگا رہے ہیں۔

وزیر مملکت برائے ریونیو نے یہ بھی کہا کہ ہم نیشنل ایگریکلچر اور پولی ایسٹر فائبر پالیسی بھی لا رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت اپنے ٹیکسوں کی تعداد کم کر رہی ہے۔

وزیر مملکت نے مزید کہا کہ ایکسپورٹ سیکٹرز کو ریفنڈز اور سیونگ سرٹیفکیٹس کے ذریعے ریلیف دیا جائے گا۔

حماد اظہر نے یہ بھی کہاکہ پانچ سالہ میڈیم ٹرم اکانومی پلان بھی لا رہے ہیں، ایکسپورٹ کے حوالے سے اچھے اشارے مل رہے ہیں۔