لاہور:وزیراعلیٰ پنجاب سردرا عثمان بزدار نے کہا ہے کہ بنجر اراضی کو جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے زرعی مقاصد کیلئے قابل استعمال بنانے کے منصوبے میں سرمایہ کاری کریں گے اورکم لاگت گھرو ں کی تعمیر کیلئے چین کی ٹیکنالوجی بھی پنجاب میں منتقل کریں گے،ہم پنجاب میں ہاؤسنگ انڈسٹریل پارک کا منصوبہ لگانا چاہتے ہیں اوراس ضمن میں تمام سرمایہ کاری چینی گروپ کریں گے۔
وزیراعلیٰ آفس میں چائنہ مشینری انجینئرنگ کارپوریشن اور ہینن ڈی آر کنسٹرکشن گروپ کے12 رکنی وفد نے ملاقات کرتے ہوئے سردرا عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ پاکستان اور چین دوستی کے لازوال رشتے میں بندھے ہوئے ہیں اور وزیراعظم عمران خان کے دور میں پاک چین تعلقات کو نئی جہت ملی ہے، پنجاب میں غیر ملکی سرمایہ کاری کیلئے زبردست سہولتیں فراہم کی گئی ہیں،چینی سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولتیں دیں گے۔وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہاکہ زراعت اور ہاؤسنگ کے شعبوں میں بہت پوٹینشل موجود ہے، زرعی شعبہ پنجاب کی معیشت کیلئے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے،جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے زرعی شعبہ کو پائیدار بنیادوں پر مضبوط کیا جا سکتا ہے، ہاؤسنگ کے شعبہ میں کم لاگت کے گھروں کی تعمیر تحریک انصاف کی حکومت کا ایجنڈا ہے اوروزیراعظم عمران خان کی نیا پاکستان ہاؤسنگ سکیم عام آدمی کو چھت فراہم کرنے کا انقلابی منصوبہ ہے۔چائنہ مشینری انجینئرنگ کارپوریشن اور ہینن ڈی آر کنسٹرکشن گروپ نے زراعت اور ہاؤسنگ کے شعبوں میں سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار کیا جس پر وزیر اعلیٰ پنجاب نے خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ نئے پاکستان میں غیرملکی سرمایہ کاروں کیلئے نئی سہولتیں اور مراعات دی گئی ہیں اور زراعت اور ہاؤسنگ سیکٹرز میں چین کی جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کرنے کے خواہاں ہیں۔چائنہ مشینری انجینئرنگ کارپوریشن کے حکام نے جھنگ میں 1263 میگاواٹ کے پنجاب پاور پلانٹ کے منصوبے پر ہونے والی پیشرفت سے بھی آگاہ کیا۔