لاہور:
پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ نواز شریف کی صحت سے متعلق اہل خانہ کو کچھ آگاہ نہیں کیا جا رہا اگر نواز شریف کو کچھ ہوا تو ذمہ دار وزیر اعظم ہوں گے۔
پارٹی کے مرکزی سیکریٹریٹ میں دیگر رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے حمزہ شہباز نے کہا کہ نیازی صاحب نے وعدہ کیا تھا کہ ہم نئے صوبے بنائیں گے، حکومت جنوبی پنجاب اور بہاولپور کو صوبہ بنائے ہم غیر مشروط حمایت کریں گے۔
حمزہ شہباز نے کہا کہ سانحہ ساہیوال پر جوڈیشل کمیشن بنایا جائے اور جب تک متاثرہ خاندان کو انصاف نہیں ملتا حکومت کا پیچھا نہیں چھوڑیں گے، گالیاں دینے اور الزام تراشی سے 22 کروڑ عوام کا پیٹ نہیں بھرتا، انضما م پلس وزیر اعلیٰ پنجاب نے دو آئی جیز کو چپڑاسی کی طرح فارغ کیا ، مانگے تانگے کے ڈالروں سے معیشت کا بیڑہ غرق کیا جارہا ہے، نیازی صاحب نے پانچ ماہ بعد تسلیم کر لیا ہے کہ معاشی حالات بہتر نہیں ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ (ن) لیگ مشترکہ اپوزیشن کا حصہ ہے، مولانا فضل الرحمن اور اتحادیوں سے مشاورت کے بعد لانگ مارچ سمیت کسی بھی طرح کا فیصلہ کریں گے۔