اسمگلنگ

کراچی: کسٹم نے کراچی ائیر پورٹ سے سونے کے نادر زیورات کی اسمگلنگ ناکام بنادی۔ایک گرفتار

کراچی (صباح نیوز) کسٹم حکام نے جناح ایئر پورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے سونے کے نادرزیورات اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی۔ تفصیلات کے مطابق نادر زیورات کراچی سے اسمگل کرکے تھائی لینڈ لے جانے کی کوشش کی جارہی تھی.

مسافر کے قبضے قیمتی سونے کی نوادرات برآمد کرلیے گئے۔ ڈپٹی کلکٹر کسٹم محمد فیصل کا کہنا ہے کہ مسافر سے ایک سو پندرہ تولے قدیم سونا اور بیس تولے چاندی کے زیورات بر آمد کر لیے گئے۔ انہوں نے کہا کہ اسرار محمد نامی مسافر سے گیارہ ہزار دو سو پچاس ڈالر بھی ملے ہیں، مسافر قیمتی سونے اور چاندی نادر زیورات بیرون ملک اسمگل کرنے کی کوشیش کر رہا تھا۔کسٹم حکام کا کہنا ہے کہ مسافر کو گرفتار کر کے ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے، مزید تحقیقات کررہے ہیں جلد مزید حقائق منظر عام پر آئیں گے۔