دوسرا ٹی ٹوئنٹی: پاکستان کا ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ

جوہانسبرگ: ٹی ٹوئنٹی میچز پرمشتمل سیریز کے دوسرے میچ میں پاکستان نے جنوبی افریقہ کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے خود فیلڈنگ کا فیصلہ کرلیا۔

واضح رہے کہ جوہانسبرگ میں تین ٹی ٹوئنٹی میچز پرمشتمل سیریز کا دوسرا میچ آج کھیلا جارہا ہے۔

اس حوالے سے پاکستان کے کپتان شعیب ملک نے پہلے فیلڈنگ کرنے سے متعلق فیصلے پر کہا کہ ’بارش کی پیشگوئی ہے اس لیے پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا‘۔

ان کا کہنا تھا کہ اچھی باؤلنگ کرکے جلدی وکٹیں لینے کی کوشش کریں گے۔

سیریز کے پہلے میچ سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ میچ میں ہماری فیلڈنگ اچھی نہیں رہی تاہم اس پر زیادہ توجہ دیں گے۔

شعیب ملک نے کہا کہ قومی کرکٹ ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی، فہیم اشرف کی جگہ شاہین شاہ آفریدی کو ٹیم میں شامل کیا گیا۔

پاکستان کے خلاف دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں ڈوپلیسی کی جگہ ڈیوڈ ملر کپتانی کے فرائض انجام دیں گے۔

دوسری جانب ڈیوڈ ملر کا کہنا تھا کہ ہم ٹاس جیتے تو ہم بھی پہلے باؤلنگ ہی کرتے تاہم آج کامیچ جیت کرسیریزمیں فیصلہ کن برتری لینےکی کوشش کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ میچ کی طرح بڑا اسکور کرنےکی کوشش کریں گے۔

یہ پہلا موقع ہوگا جب ڈیوڈ ملر کسی بین الاقوامی میچ میں جنوبی افریقی ٹیم کی قیادت کریں گے۔

خیال رہے کہ پاکستان 3 میچوں پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی سیریز کے پہلے میچ میں جنوبی افریقہ کے ہاتھوں سنسنی خیز مقابلے کے بعد 6 رنز سے شکست سے دوچار ہوا تھا۔

اس شکست کے ساتھ ہی پاکستان کی مسلسل 9 جبکہ ہدف کے تعاقب میں مسلسل 11 فتوحات کا سلسلہ بھی ٹوٹ گیا تھا۔

پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان سیریز کا دوسرا ٹی ٹوئنٹی میچ 3 فروری کو جوہانسبرگ کے وانڈررز کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

سیریز میں رہنے کے لیے پاکستان کو کل جنوبی افریقہ کے خلاف لازمی فتح حاصل کرنی ہوگی۔

خیال رہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2016 کے بعد سے لے کر اب تک پاکستان ٹی ٹوئنٹی سیریز میں ناقابل شکست ہے۔