مسرت جمشید چیمہ

نواز شریف ،آصف زرداری نے بوریوں کے منہ کھول دئیے، مسرت جمشید چیمہ

لاہور(لاہورنامہ)چیئر پرسن قائمہ کمیٹی داخلہ و تحریک انصاف پنجاب کی سیکرٹری اطلاعات مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ نواز شریف اورآصف زرداری نے خرید و فروخت کے لئے بوریوں کے منہ کھول دئیے ہیں لیکن ان کا ناکام ہونا نوشتہ دیوار ہے.

یہ لوٹ مار کے اپنے پیسے سے ممبران کو پیشکش نہیں کر رہے بلکہ اپنے حواریوں کے ذریعے سرمایہ کاری کر رہے ہیں جنہیں حکومت میں آنے کے بعد کرپشن کی کھلی چھوٹ کے ذریعے واپسی کی یقین دہانی کرائی گئی ہے ، وزیر اعظم عمران خان ہر طرح کے حالات کا مقابلہ کرنے کے لئے تیار ہیں اور ان شا اللہ لوٹ مار ایسوسی ایشن کو ہر محاذ پر عبرتناک شکست سے دوچار کریں گے ۔

مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے کہا تھا کہ شریف برادران ،آصف زرداری اور مولانا فضل الرحمان کرپشن کاکاروبار کرتے ہیں او رجب بھی ان کے مفادا ت کو ٹھیس پہنچے گی یہ اکٹھے ہو جائیں گے اور ساڑھے تین سال میں قوم نے اس کے کئی ٹریلر دیکھے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن سویلین بالا دستی، جمہوریت ،ووٹ کو عزت دو کے نعرے اور دکھ کے ساتھ یہ کہتے نہیں تھکتی تھی کہ یہاں کوئی بھی وزیر اعظم مدت پوری نہیں کر سکا اور آج اپنے مفادات کے لئے ان سب نعروں کو پس پشت ڈال دیا ہے ۔

(ن) اور پیپلز پارٹی والے نورا کشتی لڑتے تھے لیکن پہلی بار ان کے مقابلے میں عمران خان کی صورت میں نڈر اورجراتمند لیڈر آیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ قوم کو یہ سمجھنے کی ضرورت ہے کہ جب وزیر اعظم نے پاکستان کی خود مختاری اور آزاد خارجہ پالیسی کا علم بلند کیا تو اس دن سے سازشوں میں تیزی آ گئی ہے ۔