اسد قیصر

پاکستان کی سر زمین سیاحوں کے لیے محفوظ ترین جگہ ہے، اسد قیصر

اسلام آباد (لاہورنامہ) اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہاہے کہ پاکستان کی سر زمین سیاحوں کے لیے محفوظ ترین جگہ ہے۔ انہوں نے کہاکہ سیاحت کا عالمی دن منانے کا مقصد سیاحت کی سماجی، ثقافتی اور معاشی اہمیت کو اجاگر کرنا ہے، آج ہم اپنے شاندار ماضی اور مستقبل کے محافظ کی حیثیت سے عالمی برادری کے ہمراہ سیاحت کا عالمی دن منا رہے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو سیاحت کے اعتبار سے بے پناہ قدرتی حسن سے مالا مال کر رکھا ہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان سیاحوں کو قدرتی مناظر، قدیم تہذیب، متنوع ثقافت سے لطف اندوز ہونے کا موقع فراہم کرتا ہے، اللہ تعالیٰ نے پاکستان کے چاروں صوبے بشمول گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر کو پرکشش قدرتی مناظر سے نوازا ہے۔

اسد قیصر نے کہاکہ سیاحت کا شعبہ چھوٹے کاروبار اور ملک کی اقتصادی ترقی میں اضافے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔ اسپیکر قومی اسمبلی نے کہاکہ پاکستان میں مختلف جغرافیے، موسم، حیوانات اور نباتات کے ساتھ سماجی اور ثقافتی تنوع سے لطف اندوز ہونے کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان میں سیاحت کا شعبے پائیدار ترقی کے حوالے سے انتہائی اہمیت کا حامل سمجھا جاتا ہے، سیاحت کا شعبہ ملکی زرمبادلہ کمانے کا ایک بڑا ذریعہ ہے۔

اسد قیصر نے کہاکہ ملک میں سیاحت کے فروغ اور ترقی کیلئے حکومت کی کاوشیں قابل ستائش ہیں۔انہوں نے کہاکہ سیاحت کے شعبے کو ترقی دے کر ملک سے غربت اس اور بے روزگاری کا خاتمہ کیا جا سکتا ہے، حکومت سیاحت کے شعبہ کی ترقی اور مقامی و بین الاقوامی سرمایہ کاری کیلئے اپنی کوششیں جاری رکھے۔

اسد قیصر نے کہاکہ حالیہ دورہ گلگت بلتستان کے دوران سیاحت کے اعتبار سے دلکش اور خوبصورت وادیوں کا نظارہ کرنے کا موقع ملا، گلگت بلتستان کو اللہ تعالیٰ نے بے پناہ قدرتی حسن سے مالا مال کر رکھا ہے۔ اسپیکر قومی اسمبلی نے کہاکہ دنیا بھر کے سیاح گلگت بلتستان کے دلکش اور خوبصورت حسن سے لطف اندوز ہونے کے لیے گلگت بلتستان کا دورہ ضرور کریں۔