مسرت جمشید

کراچی کے ضمنی انتخاب نے ثابت کر دیا کہ عوام عمران خان کیساتھ ہیں، مسرت جمشید

لاہور(لاہورنامہ)پاکستان تحریک انصاف کی مرکزی رہنما و چیئر پرسن قائمہ کمیٹی داخلہ مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ کراچی کے ضمنی انتخاب نے ثابت کر دیا ہے کہ کراچی سے خیبر تک عوام عمران خان کے ساتھ ہیں.

حالیہ ضمنی انتخابات کے نتائج سے واضح ہے کہ آئندہ عام انتخابات کے نتائج بھی ان سے مختلف نہیں ہوں گے ، اگر عمران خان کو گرفتار کرنے کی کوشش کی گئی تو حالات کی تمام تر ذمہ داری امپورٹڈ حکومت پر عائد ہو گی۔ مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ عمران خان نے جس نئے پاکستان اور تبدیلی کا نعرہ لگایا تھا اس کی تصویر واضح ہونا شروع ہو گئی ہے ، آج عوام اپنے حقوق اور ملک کی حقیقی آزادی کے لئے دن یا رات کو دیکھے بغیر بغیر سڑکوں پر نکل رہے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کی مقبولیت کو دیکھتے ہوئے حکمران ٹولے کی نیندیں اڑی ہوئی ہیں اس لئے ان کی کوشش ہے کہ کسی نہ کسی طرح عمران خان کو میدان سے باہر کیا جائے جو ان کی خام خیالی ہے ، عمران خان نے خود کو قوم کا حقیقی لیڈر ثابت کیا ہے اور یہی وجہ ہے کہ آج قوم عمران خان کے گرد حصار بنا کر کھڑی ہے ۔