جمشید اقبال چیمہ

چوروں کی بہار ہے اور کرپشن معافیوں کا سیزن چل رہا ہے، جمشید اقبال چیمہ

لاہور( لاہورنامہ)پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما ،فوکل پرسن فوڈ سکیورٹی و خصوصی اقدامات جمشید اقبال چیمہ نے کہا ہے کہ ہم نے جو معیشت 6 فیصد پر چھوڑی تھی وہ اب عالمی ادارے کہہ رہے ہیں 0.2 فیصد پر پہنچے گی .

دوست ممالک پیسے دینے کے لئے راضی نہیں کیونکہ اس حکومت پر عوام، دوست ممالک اور امدادی اداروں کو قطعاًاعتماد نہیں،چوروں کی بہار ہے اور کرپشن معافیوں کا سیزن چل رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کمزور حکومت کو لایا ہی اس لیے گیا تھا کہ ان سے اپنی شرائط منوائی جائیں ، جنہوں نے ماضی میں سیلاب متاثرین کے ہار تک نہیں چھوڑے تھے وہ اب سیلاب متاثرین کی گندم بھی چوری کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم پہلے ہی کہہ چکے ہیں کہ اس حکومت کی ناقص معاشی پالیسیوں اور نااہلی کے باعث معاشی ترقی منفی میں رہے گی اور اب عالمی اداروں کی رپورٹس نے بھی اس پر مہر ثبت کر دی ہے ۔ انہوںنے کہا کہ سیلاب جیسے ملکی تاریخ کے بڑے سانحے کے دوران ایسی وفاقی حکومت کی موجودگی قوم کی بدقسمتی ہے۔