لاہور(لاہورنامہ)کینیڈا کے شہر برامپٹن کے میئر پیٹرک براون کے ایگزیکٹو اسسٹنٹ یشوع یونس نے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کادورہ کیا۔
لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی ہیومن رائٹس کمیٹی کے کنونیئراورکرسچن بزنس مین فیلو شپ کے صدرسلیم شاکرنے انہیں خوش آمدید کہا اور گلدستہ پیش کیا۔لاہور چیمبر آف کامرس کے صدر کاشف انور نے کینیڈین میئر کے ایگزیکٹواسسٹنٹ یشوع یونس کو یادگاری شیلڈبھی پیش کی۔
یشوع یونس نے ایوان صنعت و تجارت میں منعقدہ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی ہیومن رائٹس کمیٹی کی میٹنگ میں بھی خصوصی شرکت کی ۔لاہور چیمبر آف کامرس کے صدر کاشف انور کا کہنا تھا کہ پاکستان اور کینیڈا کے درمیان دوستانہ تعلقات ہیں.
پاکستان میں کینیڈا کے سرمایہ کاروں کیلئے سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں جبکہ پاکستان میں موجود سکلڈ لیبر سے کینیڈا کو فائدہ اُٹھانا چاہیے۔کینیڈا کے شہر برامپٹن کے میئر پیٹرک براو ¿ن کے ایگزیکٹواسسٹنٹ یشوع یونس کا کہنا تھا کہ بزنس کمیونٹی کسی بھی ملک کی معیشت کیلئے ریڑھ کی ہڈی ہوتی ہے.
ملکی ترقی و خوشحالی میں ان کا اہم ترین کردار ہوتا ہے، کینیڈا اور پاکستان کو تجارتی و معاشی تعلقات مزید مستحکم کرنے چاہئیں کیونکہ دونوں ممالک پوٹینشل اور وسائل سے مالامال ہیں،دونوں ممالک تجارت و سرمایہ کاری اور اکنامک پارٹنرشپ کو فروغ دینے کیلئے اقدامات اٹھائیں.
کینیڈا زیادہ تر مصنوعات باہر سے درآمد کرتا ہے جس وجہ سے پاکستان کی کاروباری برادری کیلئے کینیڈا کے ساتھ تجارت اور برآمدات کو فروغ دینے کے عمدہ مواقع موجود ہیں لہٰذا وہ ان سے فائدہ اٹھائیں، آئل اینڈ گیس، ہائیڈرو پاور، آلٹرنیٹو انرجی اور ٹرانسپورٹ کے شعبوں میں پاکستان کینیڈا کے تجربہ سے استفادہ کرسکتا ہے۔
کرسچن بزنس مین فیلو شپ کے صدر سلیم شاکر نے کہاکہ کینیڈین سرمایہ کار ٹیکسٹائل، چمڑے سے بنی اشیا، سپورٹس مصنوعات، کیمیکلز، کارپٹس اور طبی آلات کی ایکسپورٹ سے استفادہ کرسکتے ہیں، پاکستان کینیڈا کے ساتھ تجارتی تعلقات کو فروغ دینا چاہتا ہے۔
کرسچن بزنس مین فیلو شپ کے صدر سلیم شاکر کا کہنا تھا کہ کینیڈا کی حکومت پاکستانی آئی ٹی انجینئرزکو کینیڈا میں ملازمتیں فراہم کرے ،پاکستان اور کینیڈا کے درمیان کاروباری شخصیات سے کاروباری شخصیات تک رابطے بڑھانے کی اشد ضرورت ہے جس سے تجارت کا حجم بڑھے گا، کاروباری وفود کے تبادلے تجارتی رکاوٹوں کو دور کرنے میں معاون ثابت ہوں گے۔