راولپنڈی(لاہورنامہ)سربراہ عوامی مسلم لیگ اور سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ گزشتہ روز ایک قانون نافذ العمل ہوا ہے جس سے مائنس عمران خان اور پلس نواز شریف فارمولا وجود میں آسکتا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں شیخ رشید احمد نے کہا کہ رات نیب کا نوٹس موصول ہوا ہے جس کا تحریری جواب دے رہا ہوں،میں یہ بتاچکا ہوں القادر ٹرسٹ ایجنڈے کے وقت میں موجود نہیں تھاکیونکہ شہزاد اکبر سے میری کبھی بھی بات چیت نہیں رہی۔
انہوں نے کہا کہ میرے سمیت ساری قوم 9 مئی کے واقعات کی مذمت کرتی ہے تاہم13 پارٹیوں کا ٹولہ اسے اپنا سیاسی بیانیہ نہ بنائے، ایک مہینے سے دنیا میں ہماری جگ ہنسائی ہو رہی ہے اور ہمارے گندے کپڑے میڈیا پر دھوئے جا رہے ہیں۔
سابق وفاقی وزیر نے کہاکہ سپریم کورٹ کہتی ہے کہ چند لوگوں کیلئے قانون سازی نہیں ہو سکتی، دیکھیں یکم جون کو سپریم کورٹ کیا فیصلہ کرتی ہے، نوازشریف بھی آجائے تاکہ روز روز کی چک چک ختم ہو، نوازشریف کی گاڑی چھوٹ چکی ہے۔
سربراہ عوامی مسلم لیگ نے کہا کہ جب ڈالر 312روپے کا ہوگا اور 18 لاکھ آٹے کے تھیلے رمضان میں غائب ہوں گے تو لوگوں کو سمجھانے کی ضرورت نہیں پڑے گی، 7 کروڑ نوجوانوں کی جیب میں موبائل فون ہیں جو اپنا فیصلہ خود کرنے کا شعور رکھتے ہیں، جنہیں بے وقوف نہیں بنایا جا سکتا۔