#AsadQaiser

حکیم محمد سعید اور عبدالستار ایدھی انسانیت کی خدمت کی بدولت آج بھی زندہ ہیں، سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر

اسلام آباد: سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ حکیم محمد سعید اور عبدالستار ایدھی انسانیت کے لیے اپنی خدمات کی بدولت آج بھی پوری دنیا میں زندہ ہیں، انسان کا اعلیٰ کردار اور بڑے کام ہمیشہ اس کو زندہ جاوید رکھتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو ہمدرد یونیورسٹی اسلام آباد کی 15 وین تقریبِ تقسیمِ اسناد سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہاکہ ہمیں ناکامیوں سے پریشان نہیں ہونا چاہیئے، ناکامیاں کامیابیوں کا زینہ ہوتی ہیں۔ سپیکر قومی اسمبلی نے حکیم محمد سعید اور عبدالستار ایدھی انسانیت کے لیے اپنی خدمات کی بدولت پوری دنیا میں آج بھی زندہ ہیں، انسان کا اعلیٰ کردار اور بڑے کام ہمیشہ اس کو زندہ جاوید رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم یہ نہ سوچیں کہ اس ملک نے ہمیں کیا دیا بلکہ ہم اس طرف توجہ اور غور کریں کہ ہم نے اس ملک کو کیا دیا۔ انہوں نے کہاکہ عوامی نمائندہ ہونے کی حیثیت سے ملک میں تعلیم کا فروغ میری اولین ترجیح ہے۔

سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ اسلام اخلاقیات اور اقدار پر بہت زیادہ زور دیتا ہے لہٰذا ہمیں عبادات کے ساتھ ساتھ اپنی ذاتی زندگی میں اعلیٰ اخلاقی اقدار کو اپنانا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ انسان کی شخصیت کا دارومدار اس کی بلند سوچ اوراعلیٰ مقاصد پر ہے۔ اسد قیصر نے کہا کہ قسمت اور تقدیر انسان کے اپنے ہاتھ میں ہے اور اللہ تعالی انسان کو اسی طرح دیتا ہے جیسے وہ اپنے مقاصد کو حاصل کرنے کے لیے کوشش کرتا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں