اساتذہ کی پروموشن

اساتذہ کی پروموشن کونہم اورگیارہویں جماعت کے طلبہ کی کامیابی سے مشروط کرنا درست پالیسی نہیں‘ ہیڈ ماسٹر ز ایسوسی ایشن

لاہور:ہیڈماسٹرزایسوسی ایشن پنجاب کے مرکزی صدر رشیداحمدبھٹی نے کہا ہے کہ اساتذہ کی پروموشن کونہم اورگیارہویں جماعت کے طلبہ کی کامیابی سے مشروط کرنا غیر آئینی اورغیرقانونی ہے اور اسے فی الفور ختم کیا جائے ،نہم اور گیارہویں جماعت کے نتائج میٹرک اور انٹر میڈیٹ کے نتائج کے بغیر مکمل نہیں ہوتے ۔ایک اجلاس میں انہوں نے کہا کہ اساتذہ کی پروموشن کے لئے سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ پنجاب کی طرف سے لگائی گئی شرط ناانصافی اور معلم دشمن پالیسیوں پرمبنی ہے جسے کسی صورت تسلیم نہیں کرتے۔انہوں نے کہا کہ اس شرط سے ہزاروں خالی آسامیوں کے باوجود پرو موشن فہرست میں شامل 70فیصد اساتذہ کوپروموشن سے محروم کردیاگیا ہے اور حکومت کی ان پالیسیوں کی وجہ سے اساتذہ ملازمت مکمل ہونے سے قبل ہی ریٹائرمنٹ لے رہے ہیں۔ہم وزیراعلی،وزیر تعلیم،چیف سیکرٹری اور سیکرٹری سکولز ایجوکیشن سے مطالبہ کرتے ہیں کہ پروموشن کے لئے نہم اور گیار ہویں جماعت کے نتائج کی شرط ختم کی جائے۔