اینٹی نارکوٹکس

اینٹی نارکوٹکس فورس کی کارروائیاں،12 منشیات سمگلرز گرفتار

راولپنڈی:پاک سرزمین سمیت دنیا بھر سے منشیات کے جڑ سے خاتمے کی مد میںاینٹی نارکوٹکس فورس پاکستان نے 11ملک گیر کاروائیوں کے دوران2 ارب 24کروڑ30 لاکھ روپے بین الاقوامی مالیت کی3060.495کلوگرام منشیات برآمد کر لیں جبکہ منشیات اسمگلنگ میں ملوث ا12ملزمان کوحراست میں لے لیا اور2 گاڑیاںبھی تحویل میں لے لیں۔

برآمد شدہ منشیات میں 3045.485کلو گرام چرس،4.8کلو گرام افیون، 1.69 کلو گرام ہیروئن،7.32کلو گرام میتھ ایمفیٹا مائن، 0.9 کلوگرام ایمفیٹا مائن اور2680 عدد زیناکس (نشہ آور گولیاں)شامل ہےں۔ تفصیلات کے مطابق اے این ایف کوئٹہ نے خفیہ اطلاع پر کاروائی کے دوران ضلع قلعہ عبداللہ کی تحصیل گلستان کے غیر آباد علاقے کلی دمام میں چھپائی گئی 2810 کلو گرام چرس برآمد کر لی۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق مذکورہ منشیات کسی دیگر گروہ کے حوالے کرنے کی غرض سے چھپائی گئی تھیں۔دوسری کاروائی کے دوران اے این ایف کوئٹہ نے شیخ خلیفہ بن زاہد ہسپتال، کوئٹہ کے قریب جعفر آباد کے رہائشی دو ملزمان محمد رمضان اور عبداللہ کے قبضے سے 16.8 کلو گرام چرس برآمد کر کے دونوں ملزمان کو گرفتار کر لیا۔اے این ایف راولپنڈی نے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر کاروائی کرتے ہوئے بذریعہ پرواز نمبر EY-234 سعودی عرب جانے والے کوہاٹ کے رہائشی شفیق خان نامی ملزم کے ٹرالی بیگ سے 900 گرام ایمفیٹامائن (آئس )برآمد کر کے ملزم کو گرفتار کر لیا۔اے این ایف لاہور نے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ، لاہور پر واقع کارگو کمپلیکس سے انڈونیشیا بھیجے جانے والے 36 عدد بکرم پرمشتمل ایک پارسل کو قبضے میں لیکر اس میں جذب کی گئی 1.690 کلو گرام ہیروئن قبضے میں لے لی۔دوسری کاروائی کے دوران اے این ایف لاہور نے ساہیوال موٹروے انٹرچینج، فیصل آباد کے قریب ایک ٹیوٹا کرولا کار کو روک کر دوران تلاشی گاڑی کے خفیہ خانوں میں انتہائی مہارت سے چھپائی گئی 16.8 کلو گرام چرس اور 4.8 کلو گرام افیون برآمد کر کے ٹوبہ ٹیک سنگھ کے رہائشی جبّار حسینی نامی ملزم کو گرفتار کر لیا۔تیسری کاروائی کے دوران اے این ایف لاہور نے قطب پور ٹول پلازہ، خانیوال ایکسپریس ہائی وے، لودہراں کے قریب بہاولپور کے رہائشی سلمان مسعود اورخورشید ملک نامی دو ملزمان کے ذاتی قبضے سے 1 کلو گرام چرس برآمد کر کے دونوں ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

اے این ایف پشاور نے پشاور انٹر نیشنل ایئرپورٹ سے بذریعہ پرواز نمبر PK-735 جدہ جانے والے لوئردیر کے رہائشی اسلام گل نامی مسافر کے سامان کی تلاشی کے دوران اس کے بیگ میں موجود تین عدد بوتلوں میں چھپائی گئی 2680 عدد زیناکس (نشہ آور گولیاں)برآمد کر کے ملزم کو گرفتار کر لیا۔دوسری کاروائی کے دوران اے این ایف پشاور نے پشاور انٹر نیشنل ایئرپورٹ سے بذریعہ پرواز نمبر QR-601 دوحہ جانے والے کرم ایجنسی کے رہائشی غلام نبی نامی مسافر کے سامان کی تلاشی کے دوران اس کے ٹرالی بیگ میں موجود2.8 کلو گرام چرس برآمد کر کے ملزم کو گرفتار کر لیا۔ملزم کی نشاندہی پر مزید کاروائی کرتے ہوئے اے این ایف پشاورنے فقیر آباد میں واقع اورکزئی ہنگو ہاسٹل پر چھاپہ مار کر ہنگو کے رہائشی احسان اللہ نامی ملزم کے قبضے سے 85 گرام چرس برآمد کر کے ملزم کو گرفتار کرلیا۔اے این ایف کراچی نے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ، کراچی پر کاروائی کے دوران چارسدہ کے رہائشی یاسر شاہ نامی مسافر کے سامان میں موجود کپڑوں میں جذب کی گئی 6 کلو گرام میتھ ایمفیٹامائن (آئس ) برآمد کر لی۔ ملزم پرواز نمبر SV-715 کے ذریعے ریاض روانہ ہو رہا تھا۔دوسری کاروائی کے دوران اے این ایف کراچی نے زکریا گوٹھ، سپر ہائی وے پر واقع رینجرز چیک پوسٹ کے قریب ایک ٹیوٹا ڈبل کیبن گاڑی کو روک کر دوران تلاشی گاڑی میں چھپائی گئی 198 کلو گرام چرس برآمد کر کے قلعہ عبداللہ کے رہائشی احمد االلہ نامی ملزم کو گرفتار کر لیا۔تیسری کاروائی کے دوران اے این ایف کراچی نے ایئرپورٹ سکیورٹی فورس کے ساتھ مشترکہ کاروائی کے دوران جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کراچی سے بذریعہ پرواز نمبر PK-743 مدینہ جانے والے سوات کے رہائشی سرنزیب نامی مسافر کے بیگ میں موجود 1.320 کلو گرام میتھ ایمفیٹامائن (آئس) برآمد کر کے ملزم کو گرفتار کر لیا۔
تمام مقدمات اے این ایف کے متعلقہ تھانوں میں درج کر لئے گئے ہیں اور مزید تفتیش جاری ہے۔