ہیلپ ڈیسک

تاجر اثاثہ جات سکیم سے متعلق قائم ہیلپ ڈیسک سے بھرپور استفادہ کریں‘لاہور چیمبر

لاہور(لاہور نامہ )لاہور چیمبر کے صدر الماس حیدر، سینئر نائب صدر خواجہ شہزاد ناصر اور نائب صدر فہیم الرحمن سہگل نے تاجر برادری پر زور دیا ہے کہ وہ لاہور چیمبر میں اثاثہ جات ظاہر کرنے والی سکیم سے متعلق قائم ہیلپ ڈیسک سے بھرپور استفادہ کریں۔ ایک بیان میں لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے کہا کہ تاجر برادری کی سہولت کے لیے لاہور چیمبر نے ایف بی آر کے اشتراک سے ایک ہیلپ ڈیسک قائم کررکھا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تاجر برادری اثاثہ جات ظاہر کرنے کی سکیم سے بھرپور فائدہ اٹھائے، یہ نہ صرف ملک بلکہ ان کے اپنے بہترین مفاد ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ سکیم پوشیدہ اثاثوں اور کاروباری سرمائے کو قانونی حیثیت دینے کا سنہری موقع ہے جس سے بھرپور فائدہ اٹھانا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ اس سکیم کے تحت 30جون 2019تک کے غیر ظاہر شدہ اثاثے انتہائی کم ٹیکس ریٹ پر ظاہر کئے جا سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ 30جون 2019کے بعد سخت قوانین آئیں گے لہذا کاروباری برادری مقررہ وقت کے اندر ان سے فائدہ اٹھائے۔ انہوں نے کہا کہ تاجر برادری کی رہنمائی کیلئے لاہور چیمبر آف کامرس میں ایف بی آر ہیلپ ڈیسک قائم کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاہور چیمبر نے ہمیشہ ٹیکس نیٹ میں وسعت اور ٹیکس ریٹ کو کم کرنے کا مطالبہ کیا ہے، لاہور چیمبر امید کرتا ہے کہ اس سکیم سے مطلوبہ نتائج برآمد ہوں گے اور جو تاجر کسی وجہ سے اپنے اثاثہ جات ظاہر نہیں کرسکے وہ اس سکیم سے فائدہ اٹھائیں گے۔