تاشقورغند میں 70 سے زائد پاکستانی تاجر

صوبہ سنکیانگ چائنا کے علاقے تاشقورغند میں 70 سے زائد پاکستانی تاجر اوران کے کروڑوں روپے کے مال بردار کنٹینرز پھنس گئے

گلگت (علی یونس علی) صوبہ سنکیانگ چائنا کے علاقے تاشقورغند میں 70 سے زائد پاکستانی تاجر اوران کے کروڑوں روپے کے مال بردار کنٹینرز پھنس گئے ہیں. تاجروں کے مطابق تاشقورغند چائنا میں پھنسے تاجروں کو خنجراب کے راستے لانے والے گاڑیوں کو چائنا کے امیگریشن حکام نے پاک چین سرحد خنجراب سے واپس کردیا۔

پاکستانی اور خصوصا گلگت بلتستان سے تعلق رکھنے والے تاجر جو کہ بارڈر پاس کے ذریعے تجارت کے غرض سے چائنہ گئے تھے سرحد کی بندش کی وجہ سے پھنس کر رہ گئے ہیں

شاہراہ خنجراب ہر سال 30 نومبر سے بارڈر پروٹوکول ایگریمنٹ کے تحت شدید برفباری سے 4 ماہ کیلئے بند کی جاتی ہے اور اس ایگریمنٹ کے تحت حکومت چین پابند ہے کہ وہ سرکاری طور پر پاکستانی مسافروں کو سوست ضلع ہنزہ تک پہنچائے۔

پاکستانی تاجروں کے مطابق 70 سے زائد پاکستانی مسافروں سمیت 26 کنٹینرز کو 30 نومبر تک بارڈر پاس کرانے کا وعدہ کیا گیا تھا مگر چائنہ حکومت کی جانب سے اس پر عمل درآمد نہ ہوسکا پھنسے تاجروں نے سوشل میڈیا کے ذریعے حکومت پاکستان، صوبائی حکومت اور دیگر متعلقہ اداروں سے مدد کی اپیل کی ہے۔