شہباز شریف

موجودہ حکومت نالائق اور نااہل ہے ، قائداعظم ہم شرمندہ ہیں، شہباز شریف

کراچی(لاہورنامہ) پاکستان مسلم لیگ(ن)کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کہا ہے کہ 74 سال میں اسٹیبلشمنٹ نے کسی کو اتنا سپورٹ نہیں کیا جتنا موجودہ حکومت کو کیا ،

قائداعظم نے پاکستان کو فلاحی ریاست بنانے کا خواب دیکھا، ہمیں اقوام عالم میں ممتاز مقام حاصل کرنا تھا، ہم قائداعظم سے شرمندہ ہیں،ہم نے ان کے فرمودات کو فراموش کردیا، پاکستان دولخت ہوگیا، ہم نے پھر بھی کوئی سبق نہیں سیکھا، محنت اور دیانت سے اپنا کھویا مقام حاصل کرسکتے ہیں، ملک میں 20،20 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کسی جادو ٹونے سے ختم نہیں ہوئی ،

نواز شریف کی محنت اور جدوجہد سے ملک میں لوڈشیڈنگ ختم ہوئی، عوام جسے موقع دیں اسے خدمت کا موقع ملنا چاہیے، موجودہ حکومت نالائق اور نااہل ہے ، یہ چور دروازے سے آئی ہے۔

پیر کو مزار قائد پر حاضری کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی میاں شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان دولخت ہو گیا لیکن ہم نے پھر بھی نہیں سیکھا، آج ہم اپنے قائد سے شرمندہ ہیں، ہم نے قائد کے فرمودات کو فراموش کردیا،پوری قوم سچے دل سے وعدہ کرلے تو نہ صرف ہم ماضی کی غلطیوں کا ازالہ کرلیں گے بلکہ امانت و دیانت سے آنے والے وقتوں میں اپنا کھویا ہوا مقام بھی حاصل کرلیں گے۔

انہوں نے کہا کہ اس ملک میں عدل و انصاف ہو، غربت کا خاتمہ ہو اور وسائل کی بندربانٹ نہ کی جائے تو ہم کامیابی سے ہمکنار ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم قرآن حکیم، سنت رسولؐ اور قائدکے فرمودات پر عمل پیرا ہوں تو یہ ملک عظیم اور طاقتور ہو سکتا ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ جب تک وفاق اور صوبے قدم سے قدم ملا کر نہیں چلیں گے ملک ترقی نہیں کر سکے گا، مسلم لیگ نون نے کراچی کو گرین لائن منصوبے کا تحفہ دیا،20,20گھنٹے کی لوڈشیڈنگ ختم کی۔ انہوں نے کہا کہ تمام اپوزیشن جماعتوں نے مجھے اپوزیشن لیڈر چنا، میری ذمہ داری ہے کہ میں سب کو ساتھ لے کر چلوں، یہ تاریخ کی سب سے کرپٹ حکومت ہے، اربوں کھربوں کے آٹے، چینی اور پٹرول کے سکینڈل آئے،

مہنگائی نے عوام کی کمر توڑ دی ہے، اس حکومت کااحتساب کیا جائے۔ شہباز شریف نے کہا کہ سب لوگ میرا ساتھ دے رہے ہیں، ان کا شکرگزار ہوں، موجودہ حکومت چور دروازے سے آئی ہے، 2023کے انتخابات میں تمام سیاسی جماعتوں کو الیکشن میں حصہ لینے کیلئے لیول پلینگ فیلڈ ملنی چاہیے، شفاف انتخابات سے جو پارٹی برسراقتدار آئے اسے حکومت کرنے کا موقع دیا جائے،

ملکی تاریخ میں اسٹیبلشمنٹ نے سب سے زیادہ اس نالائق حکومت کی سپورٹ کی لیکن یہ پھر بھی کچھ نہیں کر سکے۔ شہباز شریف نے کہا کہ مفاہمت یا مزاحمت کی سیاست نہیں ہم شفاف الیکشن چاہتے ہیں، نواز شریف میرے لیڈر ہیں۔