ملتان (لاہورنامہ) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے ملتان پہنچ کر ٹینک چوک پر قائم کورونا ویکسینیشن موبائل سنٹر کا دورہ کر کے انتظامیہ کا جائزہ اور خواتین سے گفتگو کرتے ہوئے سہولیات کے بارے دریافت کیا۔
اس موقع پر وزیراعلی نے ویکسینیشن کیلئے آنے والی خواتین سے انتظامات کے بارے میں دریافت کیا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ویکسینیشن موبائل سنٹر کے دورہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے تعلیم و صحت سمیت دیگر محکموں کی70 ہزار خالی آسامیاں پر کرنے کا اعلان کیا اور کہا کہ اپوزیشن پریشان نہ ہو،حکومت ہر صورت 5 سال پورے کرے گی۔
حکومت مضبوط ہے،اپوزیشن صرف واویلا کررہی ہے۔ عثمان بزدارنے کہا کہ حکومت مہنگائی سے نمٹنے کے لئے بہت جلد پیکج کا اعلان کرے گی۔عوام کے مسائل اور مشکلات کا مکمل احساس ہے۔ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم جلد عوام کو مہنگائی سے بچانے کیلئے پیکیج کا اعلان کرینگے اور بے روزگاری کے خاتمے کیلئے 70 ہزار فوری نوکریاں فراہم کررہے ہیں۔عثمان بزدارنے کہا کہ پولیس کی کارکردگی کے حوالے سے شکایات پر ایکشن لیں گے۔
انہوں نے کہا کہ کورونانے عالمی معیشت کو بری طرح متاثر کیا ہے،پاکستان نے وبائ سے نمٹنے کیلئے بہترین حکمت عملی اپنائی۔کورونا سے بچاؤ کے لئے کورونا ویکسی نیشن واحد راستہ ہے۔حکومت پنجاب نے کورونا ویکسی نیشن کے لئے گھر گھر مہم لانچ کردی ہے۔عثمان بزدارنے بتایا کہ روزانہ10 لاکھ افراد کی کورونا ویکسینیشن کا ٹارگٹ مقرر کیا ہے۔جس کے لئے 18 ہزار موبائل ٹیمیں تشکیل دی گئیں اور دسمبر تک8 کروڑ افراد کی ویکسینیشن کا ہدف حاصل کرلیا جائے گا۔
عثمان بزدارنے لوگوں کو متوجہ کرتے ہوئے کہا کہ اپنے پیاروں کو وبائ سے محفوظ بنانے کے لئے کورونا ویکسی نیشن کرائیں۔شہری کورونا ویکسی نیشن مہم کامیاب بنانے میں حکومت سے تعاون کریں۔ عثمان بزدار کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ ضلع ملتان میں ٹارگٹ کا54 فیصد حاصل کر لیا اور دسمبر تک سوفیصد ویکسی نیشن کرینگے۔وزیراعلیٰ نے بتایا کہ جلد بہاولپور اور ملتان کا تفصیلی دورہ کرکے سب سیکرٹریٹ کی کارکردگی کا جائزہ لوں گا۔
انہوں نے کہا کہ کرپشن اور اختیارات سے تجاوز کرنے والے افسران کے خلاف کارروائی ہوگی۔اداروں کی کارکردگی بہتر بنانے کیلئے افسران کی کمی پوری کررہے ہیں۔عثمان بزدارنے کہا کہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کو مکمل اختیارات دیئے گئے ہیں۔رول آف بزنس کی ترمیم اور منظوری حکومت کا کارنامہ ہے۔جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کو مکمل بااختیار بنایا جائے گا۔عثمان بزدارنے کہا کہ مرحلہ وار تمام محکمے جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ منتقل کئے جا ئیں گے۔