لاہور(لاہورنامہ) وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالٰہی سے وزیراعلیٰ آفس میں سیالکوٹ کی معروف سیاسی و کاروباری شخصیات نے ملاقات کی۔
وزیراعلیٰ سے ملاقات کرنیوالوں میں عثمان ڈار،قیصر بریار،سلیم بریار،چودھری اخلاق،علی اسجد ملہی،خواجہ مسعود،سرفراز بھٹی،حسن خاور اور مارکیٹ کمیٹی کے ضیاء چودھری شامل تھے۔
صوبائی مشیر عامر سعیدراں بھی اس موقع پرموجود تھے۔ سیالکوٹ کی سیاسی و کاروباری شخصیات نے وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی کووزیراعلیٰ فلڈ ریلیف فنڈ میں اڑھائی کروڑ کے چیک دیئے۔ سیالکوٹ انٹرنیشنل ایئر پورٹ لمیٹڈ کی جانب سے 2کروڑ روپے کا چیک دیاگیا جبکہ سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق صدر قیصر بریارنے وزیراعلیٰ فلڈر یلیف فنڈمیں 50لاکھ روپے کا چیک دیا۔
وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سیلاب زدگان کی بحالی کیلئے وزیراعلیٰ فلڈ ریلیف فنڈ میں مخیر حضرات کا تعاون لائق تحسین ہے۔سیلا ب زدگان کی مدد کیلئے آگے آنے والے افرادکاجذبہ قابل قدر ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ فلڈ ریلیف فنڈ میں جمع ہونے والی پائی پائی سیلاب زدگان کی آباد کاری پر خرچ کی جائے گی۔فنڈز کی شفاف تقسیم کیلئے مانیٹرنگ کا موثر نظام وضع کیا ہے۔وزیراعلیٰ فلڈ ریلیف فنڈ میں جمع ہونے والی رقم اصل حقدار تک پہنچائیں گے۔