میاں اسلم اقبال

ہمارے معاشرے میں انصاف کی دھجیاں اڑائی جا رہی ہیں،میاں اسلم اقبال

لاہور( لاہورنامہ)سینئر صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال نے کہاہے کہ دکھی انسانیت کی مدد بڑا کار خیر ہے۔اسلام نے حقوق العباد کی ادائیگی پر بڑا زور دیا ہے بندوں کے حقوق کی ادائیگی میں کوتاہی کی معافی نہیں۔

دکھی انسانیت کی خدمت سے اللہ تعالیٰ کی رضا اور خوشنودی حاصل ہوتی ہے درسگاہوں، خانقاہوں، مساجد اور دینی مدارس کو تربیت گاہوں کا کردار ادا کرنا ہےـشاید ہم اس مقصد سے ہٹ رہے ہیں۔

سینئر صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال ان خیالات کااظہار مقامی ہوٹل میں خواجہ سلیمان فاؤنڈیشن کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سینئر صوبائی وزیر نے کہاکہ قرآن مجید مکمل ضابطہ حیات ہے اوراللہ تعالیٰ کی ہر تخلیق میں حکمت ہے۔ انہو ںنے کہاکہ انصاف کے بغیر کوئی معاشرہ پنپ نہیں سکتا جہاں انصاف نہ ہو وہ انسانوں کا نہیں جانوروں کا معاشرہ کہلاتا ہے .

بڑے مجرموں کو احترام اور چھوٹے مجرموں کی تزلیل سے معاشرے آگے نہیں بڑھتے ،ہمارے معاشرے میں انصاف کی دھجیاں اڑائی جا رہی ہیں۔ میاں اسلم اقبال نے کہاکہ حضرت محمدۖ ا سلام کی شخصیت اور ریاست مدینہ ہمارے آئیڈیل ہیں۔ علماء کرام کو انصاف پر مبنی معاشرے کے قیام کے لئے اپنا کردار ادا کرنا ہے.

سینئر صوبائی وزیر نے خواجہ سلیمان فاؤنڈیشن کی فلاحی سرگرمیوں کوسراہا ۔تقریب میں ایڈوائزر رفاقت علی گیلانی، بانی چیئرمین خواجہ غلام اللہ بخش تونسوی،سی ای او خواجہ غلام معین الدین، جنرل سیکرٹری سید محمد اظہر علی شاہ اور علماء کرام نے شرکت کی۔