دہشت گردی

مریم اورنگزیب اور جاوید لطیف پر دہشت گردی مقدمے میں طلبی کا آخری نوٹس جاری

لاہور ( لاہورنامہ) لاہورپولیس نے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب اور وفاقی وزیر میاں جاوید لطیف سمیت دیگر کو دہشت گردی مقدمے میں طلبی کا آخری نوٹس جاری کر دیا.

29نومبر کو پیش نہ ہونے کی صورت میں وارنٹ گرفتاری جاری ہونے کا امکان ہے ۔ پولیس ذرائع کے مطابق دونوں وزراء مریم اورنگزیب اور جاوید لطیف کو 29نومبر کو تھانہ نواب ٹائون میں پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے ۔

جبکہ سرکاری ٹی وی کے ایم ڈی سہیل خان اور پروڈیوسرراشد بیگ کو بھی 29نومبر کو تفتیش کے لیے طلب کیا گیا ہے ۔ اس سے قبل تمام افراد کو 18اکتوبر کو بھی طلب کیا گیا تھا تاہم وہ پیش نہیں ہوئے تھے ۔ پولیس ذرائع کے مطابق پیش نا ہونے پر مسلم لیگی قائدین کے وارنٹ گرفتاری جاری ہوجائیں گے جبکہ شامل تفتیش ناہونے پر اشتہاری بھی ہوسکتے ہیں ۔