راولپنڈی (این این آئی)آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ پاکستان اور بھارت کے درمیان حالیہ کشیدگی ،کنٹرول لائن کی صورتحال کے حوالے سے چار اپریل کو اراکین پارلیمنٹ کو بریفنگ دیں گے، قومی اسمبلی اور سینٹ سیکرٹریٹ کی جانب سے نوٹیفکیشن جاری کر دیئے گئے ۔
تفصیلات کے مطابق 21 رکنی کمیٹی کو پاک بھارت حالیہ کشیدگی پر بریفنگ دی جائیگی جبکہ لاین آف کنٹرول، ورکنگ باﺅنڈری اور انٹرنیشنل بارڈر کی صورتحال سے بھی آگاہ کیا جائیگا۔
ذرائع کے مطابق کمیٹی جی ایچ کیو میں یادگار شہداءپر بھی حاضری دےگی۔قومی اسمبلی اور سینٹ سیکرٹریٹ سے جاری نوٹیفیکیشن کے مطابق قومی اسمبلی کی دفاعی کمیٹی کی سربراہی امجد علی خان کریں گے جبکہ سینٹ کی کمیٹی برائے دفاع کی سربراہی سینیٹر اعظم خان سواتی کریں گے،وزیر دفاع پرویز خٹک کو بھی کمیٹی نے طلب کیا ہے ۔
نوٹیفکیشن کے مطابق اراکین پارلیمنٹ کو ہدایت کی گئی کہ وہ صبح 10بجے پارلیمنٹ ہاوس کے گیٹ نمبر ایک پر پہنچ جائیں اور جو لوگ براہ راست جی ایچ کیو پہنچنا چاہتے ہیں، انہیں ہدایت کی گئی کہ وہ اجلاس سے قبل اپنی گاڑیوں کے رجسٹریشن نمبر فراہم کریں۔
واضح رہے کہ یہ ایک ماہ کے عرصہ میں آرمی چیف کی جانب سے اراکین پارلیمنٹ کو دی جانے والی دوسری بریفنگ ہو گی، اس سے قبل 27 فروری کو بھی آرمی چیف نے پارلیمنٹ ہاﺅس میں ان کیمرہ اجلاس میں اراکین پارلیمنٹ کو بریفنگ دی تھی