پیپلز پارٹی اور

پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن)نے عوام کا پیسہ لوٹا ہے ، حکومت اور عوام دونوں کو معاف نہیں کرینگے ،عثمان ڈار

اسلام آباد (این این آئی)وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان عثمان ڈار نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن)نے عوام کا پیسہ لوٹا ہے ، حکومت اور عوام دونوں کو معاف نہیں کرینگے ، دونوں پارٹیاں اکٹھی بھی ہو جائیں تب بھی وزیراعظم نہیں چھوڑینگے ،ملک میں جمہوریت کو کوئی خطرہ نہیں ۔

ایک انٹرویومیں انہوںنے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کی قیادت کچھ بھی کر لے، اکٹھی بھی ہو جائے تب بھی موجودہ حکومت انہیں نہیں چھوڑے گی کیونکہ ان دونوں جماعتوں نے ملک و قوم کا پیسہ لوٹا ہے، قوم نے بھی آپ کو معاف نہیں کیا، آپ کے پاس صرف ایک ہی راستہ ہے کہ لوٹی ہوئی قومی دولت واپس کر دو، پھر ہم آپ کو چھوڑ دیں گے۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیرمین بلاول بھٹو کے ٹرین مارچ کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف نے کرپشن چھپانے کے لیے نہیں بلکہ منصفانہ انتخابات کے مطالبے کےلئے دھرنا دیا تھا لیکن پاکستان پیپلز پارٹی نے صرف اپنی بدعنوانی چھپانے کے لیے ٹرین مارچ شروع کیا۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ٹرین مارچ میں شریک لوگوں کو 2000 روپے یومیہ ادا کیے کیونکہ یہ ٹرین مارچ لوگوں کے فائدے کے لیے نہیں بلکہ ان کی اپنی کرپشن چھپانے کے لیے تھا۔ انہوں نے کہا کہ جب بھی حکومت احتساب کا آغاز کرتی ہے اپوزیشن جمہوریت کو خطرہ ہے کا شور کرنا شروع کر دیتی ہے، ملک میں جمہوریت کو کوئی خطرہ نہیں بلکہ بدعنوان عناصر کو خطرہ ہے کیونکہ موجودہ حکومت بدعنوان عناصر کے بلاتفریق احتساب کے لیے کوشاں ہے۔