لاہور(اےن اےن آئی) سکھ مذہب کے روایتی تہور ابیساکھی میلہ اور خالصہ جنم دن کی تقریبات میں شرکت کیلئے بھارت سے2206 سکھ یاتری پارٹی لیڈر سردار ونندر سنگھ خالصہ کی قیادت میں واہگہ ریلوے سٹیشن کے ذریعے پاکستان پہنچ گئے ۔جہا ں پرچیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ طاہر احسان ، پاکستان سکھ گوردوارہ پر بندھک کمیٹی کے پردھان سردار تارا سنگھ سیکرٹری بورڈ محمد طارق وزیر ،سابق پردھان سرداربشن سنگھ و دیگر مقامی سکھ رہنماﺅںوبورڈ افسران نے پھولوں کے ہار اور گلدستے پیش کر کے پر تپاک استقبال کیا.
جبکہ ، ڈپٹی سیکرٹری عمران خان ،سیکورٹی عملہ و دیگر افسران اور سکھ رہنماءانکے ہمراہ تھے۔ ترجمان بورڈ عامر حسین ہاشمی کے مطابق واہگہ بارڈر پر میڈیا کے نمائندوں کہ انتظامات بارے بریفنگ دیتے ہوئے چیئرمین بورڈطاہر احسان نے خالصہ جنم دن اور بیساکھی میلہ کی مبارکباد دی ۔انکا کہنا تھا کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان اور وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری کی کے احکاما ت کے مطابق سکھ یاتریو ںکی مہمان نوازی کے لیے تمام تر سہولیات بروئے کار لائی جائیں گی۔
انہوںنے کہا کہ اتنی زیادہ تعداد میں سکھ یاتریوں کا آنا اس بات کی دلیل ہے کہ پاکستان پر امن اور اقلیت نواز ملک ہے ۔سکھ یاتریوں کی سیکورٹی ، رہائش، قیا م و طعام، سفری و میڈیکل سمیت تما م سہولیات و انتظامات مکمل ہیں ۔جو پچھلے سال کی نسبت اس بارزیادہ بہتر ہونگے۔پاک فوج،رینجرز اور پنجاب پولیس کے جوان یاتریوں ہمراہ رہیں گے ۔اس موقع پر بھارت سے آئے سکھ پارٹی لیڈرسردار ویندر سنگھ خالصہ نے کہا کہ سکھ قوم کا مسلمانوں کے ساتھ پیار اور محبت کا رشتہ ہے جو کبھی ختم نہیں ہو سکتا.
ہمیں پاکستان آکر بہت خوشی محسوس ہوتی ہے ،۔ہم حکومت پاکستان سے اپیل کرتے ہیں کہ بابا گورو نانک جنم دن کی تقریبات کے لیے زیادہ سے زیادہ ویزے جاری کیے جائیں ۔بھارت سے ہزاروں سکھ پاکستان آنا چاہتے ہیں ۔ اس موقع جتھہ کے ہمراہ آئے دہلی گورو دوارہ مینجمنٹ کمیٹی سردار رنجیت سنگھ سرنا نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کہا کہ پاکستا ن ہمارے گوروں کی دھرتی ہے اور ہمیں اس سے بہت پیار ہے ۔
ہم بر وقت ویزے جاری کرنے پر حکومت پاکستا ن کے شکر گزار ہیں ۔ پاکستان سکھ گورو دوار ہ پر بندھک کمیٹی کے پردھان سردار تارا سنگھ نے کہاکہ بیساکھی میلے کے حوالے سے حکومت اور ٹرسٹ بورڈ نے بہترین انتظامات کیے ہیں ،اور مہمانوں کو بہت کچھ نیا دیکھنے کو ملے گا ۔