اسکواڈ کے

ورلڈ کپ اسکواڈ کے ممکنہ کھلاڑیوں میں شامل نہ کیے جانے پر وہاب مایوس

مسلسل کارکردگی کے باوجود ان کا نام نہ آنا حیران کن ہے، فاسٹ بالر وہاب ریاض

لاہور(صباح نیوز)قومی ٹیم کے فاسٹ بالر وہاب ریاض نے مسلسل شاندار کارکردگی کے باوجود ورلڈکپ کے ممکنہ کھلاڑیوں میں نام نہ آنے پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں نہیں معلوم کہ کن وجوہات پر انہیں نظرانداز کیا جا رہا ہے۔

نجی ٹی وی سے خصوصی گفتگو میں وہاب ریاض نے ورلڈکپ کے ممکنہ کھلاڑیوں میں نام نہ آنے پر شدید مایوسی کا اظہار کیا۔ان کا کہنا تھا کہ مسلسل کارکردگی کے باوجود ان کا نام نہ آنا حیران کن ہے، وہ بہت پریشان ہیں اور ان کے پاس اب کھونے کو کچھ نہیں ہے کیونکہ جو کچھ تھا وہ سب لے لیا گیا یے۔

تاہم انہوں نے امید کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑتے ہوئے کہا کہ مجھے اللہ پر یقین ہے، میں نے سخت محنت کی اور وہ رائیگاں نہیں جائیگی۔وہاب ریاض نے اپنا آخری ون ڈے انٹرنیشنل میچ 2سال قبل چیمپیئنز ٹرافی میں کھیلا تھا جبکہ آخری ٹیسٹ میچ بھی گزشتہ سال اکتوبر میں آسٹریلیا کے خلاف کھیلا تھا۔

33سالہ وہاب نے کہاکہ ہر کھلاڑی کا کارکردگی دکھانے کا مقصد پاکستان کی نمائندگی کرنا ہوتا ہے اور میری بھی یہی کوشش ہے کہ میں پاکستان کے لیے کھیلوں لیکن میں سمجھنے سے قاصر ہوں کہ کن وجوہات کی بنا پر مجھے نظرانداز کیا جارہا ہے۔فاسٹ بالر نے مزید کہا کہ پاکستان کپ میں مشکلات کے باوجود سخت محنت کی، وہاں بالنگ کے لیے بہت جان لگانا پڑی لیکن میں نے اپنا تجربہ بروئے کار لاتے ہوئے محنت سے بہترین کارکردگی دکھانے کی کوشش کی لیکن اس کے باوجود میرا نام نہیں آیا۔

فاسٹ بالر نے کہا کہ میری قسمت میں ہوگا تو میں ضرور پاکستان کے لیے کھیلوں گا۔