غیر اخلاقی بینرز

خواتین کے عالمی دن پرعورت مارچ کے دوران غیر اخلاقی بینرز اور پوسٹرز کیخلاف درخواست خارج

لاہور( این این آئی )سیشن عدالت نے خواتین کے عالمی دن پرعورت مارچ کے دوران غیر اخلاقی بینرز اور پوسٹرز کیخلاف درخواست خارج کرتے ہوئے درخواست گزار کے متعلقہ فور م سے رجوع کرنے کی ہدایت کر دی۔ایڈیشنل سیشن جج عامر حبیب نے اظہر صدیق ایڈووکیٹ کی درخواست پر سماعت کی۔

درخواست گزار نے موقف اپنایا کہ 9 مارچ کو خواتین کی جانب سے عورت مارچ کا انعقاد کیا گیاجس میں خواتین شرکاءنے اخلاقیات سے گرے ہوئے نعرے لگائے اور بینرز آویزاں کیے۔عورت مارچ اسلامی اقدار کے ساتھ ساتھ آئین اور قانون کے بھی منافی ہے۔

استدعا ہے کہ عدالت عورت مارچ میں حصہ لینے والی خواتین اور عورت مارچ منعقد کرانے والی انتظامیہ کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دے۔عدالت نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ شوشل میڈیا پر غیر اخلاقی تصاویرز اپ لوڈ ہوئیں جس کا فورم ایف آئی اے بنتا ہے۔پولیس کے مطابق ریلی میں کوئی غیر قانونی اقدام نہیں ہوا۔ عدالت نے درخواست گزار کو متعلقہ فورم سے رجوع کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے درخواست خارج کردی۔