سری لنکا کیخلاف

انڈر19 کرکٹ ؛ سری لنکا کیخلاف سیریز پاکستان کے نام

ہمبن ٹوٹا(صباح نیوز)پاکستان نے سری لنکا کو چوتھے میچ میں 7 وکٹ سے مات دیکر انڈر 19ون ڈے سیریز میں3-1کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی، حیدرعلی نے ناقابل شکست 93رنز بناکر فتح میں کلیدی کردار ادا کیا،

کپتان روحیل نذیر نے بھی نصف سنچری بنائی۔میزبان الیون نے پہلے کھیل کر مقررہ 50اوورز میں 8وکٹ پر 195رنز اسکور بورڈ پر سجائے، اوپنرتھاویشا کوڈا ویراچی 64رنز بناکر ٹاپ اسکورر ثابت ہوئے، ان کی اننگز میں چار چوکے شامل رہے، اے تھارینڈو نے 79 گیندوں پر 50کی اننگز کھیلی، پاکستان یوتھ ٹیم کی جانب سے شیراز خان نے 7اوورز میں 34 رنز دیکر2کھلاڑیوں کو میدان بدر کیا، محمد وسیم نے 42رنز کے عوض 2 وکٹوں کا سودا کیا، ایک ایک پلیئر کو جنید خان اور محمد طحہ نے میدان بدر کیا، قومی جونیئر ٹیم نے مطلوبہ ہدف 34.5اوورز میں 3 وکٹ پر 196رنز بناکر حاصل کرلیا، اوپنر باسط علی اگرچہ کھاتہ نہیں کھول پائے لیکن دوسرے افتتاحی پلیئر حیدر علی نے ون ڈاؤن کپتان روحیل نذیر کے ہمراہ 117کی شراکت بناکر ٹیم کو فتح کی راہ پر گامزن کردیا۔حیدر علی 95 بالز پر 93رنز بناکر ناقابل شکست رہے، ان کی اننگز میں 7چوکے اور ایک سکسر شامل رہا، روحیل 69کی اننگز کھیلنے کے بعد رن آؤٹ ہوگئے، محمد طحہ بھی بغیر کوئی رن بنائے ایل بی ڈبلیو ہوئے، قاسم اکرم نے 29رنز ناٹ آؤٹ بنائے، دونوں ٹیموں میں سیریز کا پانچواں اور آخری ون ڈے بدھ 5مئی کو کھیلا جائیگا۔