ہمایوں اختر

وزیر اعظم عمران خان کی کامیابیوں کیوجہ پاکستان کے بد خواہ شدید مایوس ہیں‘ ہمایوں اختر خان

لاہور( این این آئی) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان ملک کے موجودہ حالات سے ہرگز مایوس نہیں بلکہ درپیش چیلنجز سے نبرد آزما ہونے کےلئے پر عزم ہیں ،وزیرا عظم عمران خان نے مشکل حالات کے باوجود غیر معمولی فیصلے کر کے ثابت کیا ہے کہ وہ نڈر اور وژن رکھنے والے لیڈر ہیں اور پوری دنیا ان کے اقدامات کو سراہا رہی ہے ۔

گزشتہ روز ملاقات کےلئے آنے والے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے ہمایوں اختر خان نے کہا کہ پی ٹی آئی نے اپنے انتخابی منشور میں عوام سے جو بھی وعدے کئے تھے انہیں پورا کیا جائے گا اور اس جانب تیزی سے پیشرفت جاری ہے ۔سابقہ حکمران ملک کو مسائل کی اتھاہ گہرائیوں میں دھکیل کر گئے اور یہ سمجھ رہے تھے کہ وزیر اعظم عمران خان حالات سے مایوس ہو جائیں گے اور شکست مان لیں گے لیکن یہ ان کی خام خیالی ثابت ہوئی ۔

وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں حکومت گھمبیر چیلنجز سے نبرد آزما ہے اور کامیابیاں حاصل کر رہی ہے جس کی وجہ سے پاکستان کے اندر اور باہر موجود بد خواہ شدید مایوسی کا شکار ہیں ۔ ہمایوں اختر خان نے کہا کہ حکومت کے بروقت اقدامات کی وجہ سے تباہ حال معیشت کی سانسیں بحال ہو رہی ہیں اور اب کوئی وجہ نہیں کہ پاکستان ترقی نہ کرے ۔عوام بھی اپوزیشن کے بے بنیاد منفی پراپیگنڈے سے آگاہ ہو چکے ہیں اور ان کا محاسبہ کرنے کے لئے تیار ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ آج بد قسمتی سے بڑے شہروں میں بھی عوام کو پینے کا صاف پانی تک میسر نہیں جس کی وجہ مختلف بیماریاں جنم لے رہی ہیں۔ حکومت بنیادی سہولیات کی فراہمی کےلئے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھے گی اورہماری ترجیح عوام کی زندگیوں میں خوشحالی اور آسودگی لانا ہے ۔