شکار پر پابندی

لاہور ہائیکورٹ، کالے ہرن کے شکار پر پابندی، پنجاب حکومت سے رپورٹ طلب

لاہور (آئی این پی ) لاہور ہائیکورٹ نے کالے ہرن کے شکار پر پابندی سے متعلق درخواست پرپنجاب حکومت سے رپورٹ طلب کرلی ہے ۔ پیر کو جسٹس شمس محمود مرزا نے شیراز ذکا ایڈوووکیٹ کی درخواست پر سماعت کی۔عدالت نے پنجاب حکومت کے وکیل سے استفسار کیا کہ پنجاب حکومت نے کالے ہرن کی نسل کو بچانے کیلئے کیا اقدامات کیے ہیں؟۔

پنجاب حکومت کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ کالے ہرن کی نسل کے تحفظ کیلئے وائلڈ لائف کمیشن کام کر رہا ہے۔لاہور ہائیکورٹ نے حکم دیا کہ کمیشن اپنی سفارشات آئندہ سماعت پر پیش کرے۔ عدالت نے پنجاب حکومت سے اس ضمن میں رپورٹ بھی طلب کرلی ہے۔درخواست گزار نے موقف اختیار کیا تھا کہ کالے ہرن کے نسل کی بقا کے لئے حکومت اقدامات کرنے میں ناکام ہے۔کالے ہرن کی نسل کو شدید خطرات لاحق ہیں، غیر ملکیوں کو غیر قانونی طور کالے ہرن کے شکار کی اجازت دی جاتی ہے۔درخواست گزارشیراز ذکا نے استدعا کی کہ عدالت حکومت کو کالے ہرن کے شکار پر پابندی عائد کرنے کا حکم دے۔درخواست پر مزید کارروائی 17 جون کو ہوگی۔