لاہور( این این آئی )لاہور ہائیکورٹ نے کرکٹر شرجیل خان کی جانب سے ای سی ایل سے نام نکالنے کےلئے دائر درخواست پر وفاقی حکومت اور پی سی بی کو جواب داخل کرانے کی ہدایت کر دی۔ لاہو رہائیکورٹ کے جسٹس شاہد وحید نے کرکٹر شرجیل خان کی جلد سماعت کے لیے متفرق درخواست پر سماعت کی ۔درخواست میں پاکستان کرکٹ بورڈ اور وزرات داخلہ کو فریق بنایا گیا ہے ۔درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ میچ فکسنگ میں سیاسی بنیادوں پر سزا دلوائی گئی،سپاٹ فکسنگ اور میچ فکسنگ سے کوئی تعلق نہیں رہا۔
عمرے کی ادائیگی کیلئے سعودی عرب روانگی کے وقت کراچی ائیر پورٹ پر روک لیا گیا ۔درخواست گزار نے موقف اپنایا کہ عدالت سپاٹ فکسنگ میں ملوث کرکٹر محمد عرفان اور شاہ زیب حسن کو پہلے ہی بیرون ملک جانے کی اجازت دے چکی ہے۔ استدعا ہے کہ میرا نام بھی ای سی ایل سے نکالنے اورعمرے کی ادائیگی کے لیے جانے کی اجازت دی جائے ۔