پائیدار معاشی ترقی

وزیر اعظم پاکستان عمران خان ملک کو پائیدار معاشی ترقی کی منزل سے ہمکنار کرنا چاہتے ہیں‘گورنر پنجاب

لاہور (لاہور نامہ)گورنر پنجاب محمد سرور نے کہا ہے کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان ملک کو پائیدار معاشی ترقی کی منزل سے ہمکنار کرنا چاہتے ہیں،،دوست ممالک کے تعاون سے ملک میں سماجی بہبود اور سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کے لئے سازگار ماحول فراہم کیا گیا ہے اور اقتصادی ترقی کے لئے خطے میں امن و استحکام اورباہمی تعاون کو ہر سطح پر فروغ دینے کی پالیسوںپر عمل پیرا ہیں ۔یہ بات انہوںنے پنجاب ہاوس اسلام آباد میں جاپان کے سفیر کنوور مسووڈا Kuninor Matsuda سے ایک ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

گورنر پنجاب نے اس موقع پر حکومت کی ترجیحات اور عوامی خوشحالی اور قومی ترقی کے منصوبوں سے آگاہ کرتے ہوئے کہاکہ ملک میں حکومت نے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کو فروغ دینے کے لئے صنعتی و تجارتی شعبوں کے لئے خاطر خواہ سہولیات فراہم کی ہیں جس کی وجہ سے عالمی ادارے پاکستان کا رخ کر رہے ہیںاورصنعت و تجارت کی ترقی، روزگار اور کاروبار کے نئے مواقع پیدا ہوںگے۔انہوںنے کہاکہ دہشت گردی کے خلاف جنگ کی وجہ سے پاکستان کو جانی و مالی طور پر بھاری نقصان اٹھانا پڑااور پاکستان کے عوام کے ساتھ ساتھ افواج پاکستان ، پولیس اور سیکورٹی اداروں کی قیام امن کے لئے اپنی جانوں کے نزارنے پیش کرکے نہ صرف قومی سلامتی کے تقاضے پورے کئے بلکہ خطے میں امن قائم کرنے میں مدد دی۔ انہوںنے پاکستان اور جاپان کے دیرپا سفارتی تعلقات اور باہمی تعاون کے لئے دوطرفہ اقدامات کو سراہتے ہوئے کہاکہ صنعتی شعبے میںجاپان کی ترقی دنیا کے لئے ایک مثال ہے اور پاکستان میں جاپان کے اداروںکی معاونت سے جاری منصوبے بھی دونوں ملکوں کی دوستی اور تعاون کا منہ بولتا ثبوت ہیںاور وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ پاکستان اور جاپان کے دیرپا تعلقات مزید مستحکم ہو رہے ہیں۔ گورنر پنجاب نے کہاکہ عالمی امن اورترقی کے لئے جاپان کا کردار قابل ستائش ہے اور متعدد عالمی فورمز پر جاپان نے اپنا فعال کردار ادا کرتے ہوئے پاکستان کے موقف کی حمایت کی ہے ۔ پاکستان میں جاپان کے سفیر کنوور مسووڈا Kuninor Matsuda نے معاشی ترقی اور سفارت سطح پر حکومت پاکستان کی کوششوں کو سراہا اور کہا کہ جاپان امن اور ترقی کا خواہاں ہے اور صنعتی ، تجارتی اور سماجی شعبوں میں باہمی تعاون کو فروغ دے کر عوامی خوشحالی کے مقاصد حاصل کئے جا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کے عوام محنتی اور باصلاحیت ہیں اور حکومت کی طرف سے انہیں قومی دھارے میں لانے کے لئے کی جانے والی کوششیں خو ش آئند ہیں جن سے قومی معیشت پر خوشگوار اثرات مرتب ہوںگے۔ انہوںنے اس سلسلے جاپان کی طرف سے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔